سپریم کورٹ کی وبائی امراض کے باعث ہلاکتوں پر ازخود نوٹس کیس میں وفاق اورصوبوں سے تفصیلی رپورٹس طلب ، جسٹس اقبال حمید الرحمان کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے ازخود نوٹس کیس کی سماعت کی، عدالت نے ڈپٹی اٹارنی جنرل کو آئندہ سماعت پر ایورسٹ نامی کمپنی کولائسنس جاری نہ ہونے کی وجوہات پیش کرنے کی ہدایت کر دی ،مزید سماعت 9 مارچ تک ملتوی

جمعرات 18 فروری 2016 19:58

اسلام آباد (اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔18فروری۔2016ء) سپریم کورٹ نے نمونیا، ہیپاٹائٹس اوردیگروبائی امراض کے باعث سینکڑوں افرادکی ہلاکت کے حوالے سے ازخود نوٹس کیس میں وفاق اورصوبوں سے تفصیلی رپورٹس طلب کرتے ہوئے مزید سماعت 9 مارچ تک ملتوی کردی ہے اورکہا ہے کہ یہ عوامی مفاد عامہ کا معاملہ ہے ہیپاٹائٹس کوآج کنٹرول نہ کیاگیا تواس سے مسائل مزید بڑھیں گے وفاق اورصوبوں کو اس حوالے سے ٹھوس اور موثراقدامات کرنے چاہیں ،جمعرات کوجسٹس اقبال حمید الرحمان کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے ازخود نوٹس کیس کی سماعت کی ، اس موقع پر ڈپٹی اٹارنی جنرل ساجدالیاس بھٹی نے عدالت کو ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی کی جانب سے رپورٹ پیش کی اور بتایاکہ حکومت صحت عامہ کی بہتری کیلئے خصوصی اقدامات کر رہی ہے ، سماعت کے دوران فارماسوٹیکل کمپنی ایورسٹ کی جانب سے ایڈووکیٹ خواجہ فاروق نے پیش ہوکرموقف اپنایاکہ حکومت کی جانب سے عدالت کے سامنے یقین دہانی کے باوجود ہماری کمپنی کوابھی تک لائسنس جاری نہیں کیاگیا جس پرعدالت نے ڈپٹی اٹارنی جنرل کوہدایت کی کہ آئندہ سماعت پرعدالت کو ایورسٹ نامی کمپنی کولائسنس جاری نہ ہونے کی وجوہات بتائی جائیں ، سماعت کے دوران مقدمہ کے ایک فریق میاںآ فتاب احمد نے پیش ہوکر بتایاکہ ایوریسٹ کمپنی لائسنس کے بغیر55ہزار روپے میں ہیپاٹائٹس کی دوائی فروخت کر رہی ہے اس کے پاس یہ دوائی فروخت کرنے کا لائسنس بھی موجود نہیں ، کمپنی55ہزار روپے میں ہیپاٹائٹس کی دوائی تو فروخت کرتی ہے لیکن وہ بتائے کہ اس کے پاس خام مال کہاں سے آتاہے ،جسٹس اقبال حمید الرحمان نے ان سے کہاکہ عدالت میں بدمزگی پیداکرنے سے گریزکیاجائے، عدالت جوبھی فیصلہ کرے گی وہ ٹھوس ثبوتوں کی بنیادپر کرے گی مخص الزامات پرنہیں ، قبل ازیں جب ڈپٹی اٹارنی جنرل نے ڈرگ ریگولیٹری اٹھارٹی کی جانب سے جواب عدالت میں جمع کرایا تو عدالت نے ان کوہدایت کی کہ وہ جواب متعلقہ دفتر میں جمع کرائیں اور اس کی نقول دیگر فریقین کو بھی فراہم کریں، بعدازاں عدالت نے فریقین کو جواب جمع کرانے کی ہدایت کرتے ہوئے مزید سماعت ملتوی کردی۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں