اسلام آبادکے اسکولوں کالجوں کی اصلاحات کے لیے ایجوکیشن ٹرانسفارمیشن پلان پر عملدرآمد

وزیر اعظم نواز شریف کا آذان خان شہید ماڈل اسکول ایف ایٹ کا دورہ،اسکول میں موجود تعمیری نقائص کو فوری دور کرنے کی ہدایت، بچوں‌سے آئندہ دو سالوں‌میں لوڈ شیڈنگ ختم کرنے کا وعدہ وزیر ممکت کیڈ طارق فضل چودھری اسکولوں‌کے تعمیری اور سکیورٹی نقائص کا نوٹس لیں، وزیر اعظم نواز شریف کی تقریب سے خطاب کے دوران وزیر کیڈ کو ہدایت

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین جمعہ 19 فروری 2016 11:18

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 19 فروری 2016ء) : وزیر اعظم نواز شریف نے آذان خان شہید ماڈل اسکول ایف ایٹ کا دورہ کیا جہاں انہوں نے اسکول میں مونٹیسری کلاسز کاآغاز کیا ، اس موقع پر وزیر اعظم نواز شریف کے ہمراہ ان کی صاحبزادی مریم نواز، وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار ، وزیر مملکت کیڈ طارق فضل چودھری اور اسلام آباد کے نو منتخب مئیر شیخ انصر موجود تھے ۔

وزیر اعظم نواز شریف نے اسکول کے مختلف حصوں میں جدید سہولیات کا معائنہ کیاجبکہ لائبریری ، مونٹیسری ہال ، کمپیوٹر لیب سمیت اسکول کے دیگر حصوں کا دورہ کرتے ہوئے طلبا سے مکالمہ بھی کیا۔ واضح رہے کہ اسلام آباد میں اسکولوں کالجوں کی اصلاحات کے لیے ایجوکیشن ٹرانسفارمیشن پلان پر عملدرآمد کا آغاز ہو چکا ہے جس کے تحت اسکولوں او کالجوں کو جدید سہولیات فراہم کی جائیں گی۔

(جاری ہے)

وزیر اعظم نواز شریف نے طلبا کو ہدایت کی کہ دل لگا کر پڑھو ، انہوں نے یقین دہانی کروائی کہ حکومت اسکولوں کو مزید بہتر کرنے کے لیے اقدامات کرے گی۔ اسکول میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نوازشریف کا کہنا تھا کہ اسکول کی بہتری سے بچوں کے چہروں پر آئی خوشی دیکھ کر مجھے نہایت مسرت ہوئی ۔ وزیر اعظم نواز شریف نے اسکول میں تعمیری نقائص کو فوری طور پر دور کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ اسکول میں تعمیر کیا گیا باسکٹ بال کورٹ کی تعمیر صحیح نہیں، سی ڈی اے اس ناقص تعمیر کا جلد از جلد نوٹس لے اور اسے ٹھیک کیا جائے۔

جب پیسے لیے ہیں تو سی ڈی اے باسکٹ بال کورٹ کو ’اے ون‘ کرے۔ وزیر اعظم نے وزیر کیڈ کو ہدایت کی کہ ٹاپ 30بچوں کو جو کھیل پسند ہو اس کی کٹ دی جانی چاہئیے۔جبکہ سیڑھیوں پر لگی ٹائلز بھی تبدیل ہونی چاہئیں۔ انہوں نے کہا کہ غیر معیاری تعمیر برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے طارق فضل چودھری کو ہدایت کی کہ وہ تعمیری اور سکیورٹی نقائص کا جائزہ لیں۔

وزیر اعظم نواز شریف نے ہدایت کی بچوں کی حوصلہ افزائی کی جائے جبکہ بچوں کو بہتر تعلیمی سہولیات کی فراہمی ے لیے بہتر عملہ تعینات کیا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی تاریخ میں پہلی مرتبہ کوئی حکومت پرائمری اسکولوں پر توجہ دے رہی ہے۔ وزیر اعظم نواز شریف نے بچوں سے وعدہ کیا کہ اگلے دو سالوں میں لوڈ شیڈنگ ختم ہو جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم نے آ کر ملک میں دہشت گردی کے خلاف آپریشن کیا جس سے آج ملک کی عوام کی جانیں محفوظ ہیں۔خطاب کے دوران وزیر اعظم نواز شریف نے کہا کہ ملک اسی طرح آگے بڑھے گا اور ترقی کرتا رہے گا۔ غیر نصابی سرگرمیوں میں بھی اسکولوں کے ساتھ تعاون کریں گے جبکہ قابل بچوں کو کھیلوں کی کٹ مفت فراہم کی جائے گی۔

متعلقہ عنوان :

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں