حکومت کے نیب کے خلاف ڈنڈا چلا نے کی کیا ضرورت پڑ گئی، نیب تو (ن) لیگ اور پیپلز پارٹی نے خود مل کر بنا ئی تھی ، قومی اداروں کی نجکاری کا مخالف ہوں، اپنی وزارت عظمیٰ کے دور میں پی آئی اے اور پی ٹی سی ایل کی نجکاری سے انکار کردیا تھا‘ میرے بعد 15 دنوں میں پی ٹی سی ایل کو فروخت کردیا گیا‘ میثاق جمہوریت پر دستخط کرنے والے اب لڑرہے ہیں‘ قرضوں سے کب تک ملک چلائیں گے، اپنے پیروں پر کھڑا ہونا پڑے گا ورنہ یوں لڑکھڑاتے رہیں گے

سابق وزیراعظم میر ظفر الله خان جمالی کاقومی اسمبلی میں صدارتی خطاب پر بحث کے دوران خطاب

جمعہ 19 فروری 2016 16:43

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔19 فروری۔2016ء) قومی اسمبلی میں سابق وزیراعظم میر ظفر الله خان جمالی نے کہا ہے کہ حکومت نیب کے خلاف ڈنڈا چلا رہی ہے اس کی کیا ضرورت پڑ گئی نیب تو (ن) لیگ اور پیپلز پارٹی نے خود مل کر بنا ئی تھی ،قومی اداروں کی نجکاری کا مخالف ہوں اپنی وزارت عظمیٰ کے دور میں پی آئی اے اور پی ٹی سی ایل کی نجکاری سے انکار کردیا تھا‘ میرے بعد 15 دنوں میں پی ٹی سی ایل کو فروخت کردیا گیا‘ میثاق جمہوریت پر دستخط کرنے والے اب لڑرہے ہیں‘ قرضوں سے کب تک ملک چلائیں گے اپنے پیروں پر کھڑا ہونا پڑے گا ورنہ یوں لڑکھڑاتے رہیں گے۔

وہ جمعہ کو ایوان میں صدارتی خطاب پر بحث کے دوران خطاب کررہے تھے جمعہ کو متعدد ارکان نے صدارتی خطاب پر بحث اور نکتہ اعتراض پر اظہار خیال کیا جن میں عذرا فضل‘ شیریں مزاری‘ عائشہ سید‘ مولانا جمال الدین‘ آصف حسنین‘ نفیسہ خٹک‘ عیسیٰ نوری اور محمود خان اچکزئی شامل ہیں قبل ازیں صدارتی خطاب پر بحث میں حصہ لیتے ہوئے ظفر الله خان جمالی نے کہا کہ نواز شریف سچ بولیں بیس کروڑ عوام کے سامنے سچ بولا جائے تو بہتر ہوگا میں نے اپنے دور میں پی آئی اے کی نجکاری سے انکار کردیا تھا اور روز ویلیٹ ہوٹل سمیت غیر ملکی ہوٹل اور بلڈنگز فروخت کرنے سے انکار کیا میں نے پی ٹی سی ایل کی نجکاری سے انکار کیا میرے بعد پندرہ دنوں میں اس کی نجکاری ہوگئی اب نیب کے خلاف ڈنڈا چلایا جارہا ہے نیب پی پی پی اور (ن) لیگ نے مل کر بنایا کیا اس طرح ادارے مضبوط ہونگے بڑے لوگوں کے لئے چیک اینڈ بیلنس بنایا جارہا ہے قائد اعظم کی باتیں کی جاتی ہیں مگر قائد کا خلا پورا کرنا ممکن نہیں ہے وہ زندہ تھا تو ملک بنایا مرگیا تو بھی قائد کا نوٹ ملک چلا رہا ہے ہم قرضے لے کر ملک چلا رہے ہیں اور قرضے بھی ادا کررہے ہیں آخر ہم کتنا قرضہ لیں گے اپنے پیروں پر کھڑا ہونا سیکھنا ہوگا ورنہ اس طرح لڑکھڑاتے رہیں گے میثاق جمہوریت کرنے والے اب لڑ جھگڑ رہے ہیں پی پی پی عذرا فضل نے کہا کہ صدارتی خطاب پر بحث ختم ہونے کا نام نہیں لے رہی پاکستان کو پھانسی دینے والے ملکوں میں تیسرا نمبر ملا ہے گزستہ ماہ 324 لوگوں کو پھانسی دی گئی صرف 39دہشت گرد تھے باقی دیگر جرائم میں تھے اس میں غلط ٹرائل کے شکار بھی ہیں بے قصور لوگوں کو پھانسیاں دی جارہی ہیں کیا ہم غور کریں گے کہ یہ پالیسی درست ہے یا غلط پھانسیوں سے دہشت گردی پر کوئی فرق نہیں پڑا صرف ضرب عضب سے کچھ فرق پڑا ۔

(جاری ہے)

شیریں مزاری نے کہا کہ بزنس ایڈوائزری کمیٹی میں طے ہوا تھا کہ اسے سمیٹیں گے مگر لمبا ہورہا ہے ۔ عائشہ سید نے کہا پاسپورٹ آفس سوات میں بنک ساتھ موجود نہیں ہے جس کی وجہ سے لوگوں کو فیس جمع کرانے میں دشواری پیش ارہی ہے دیر کے پاسپورٹ آفس میں خواتین ے لئے جگہ نہیں ہے۔ مولانا جمال الدین نے کہا کہ ہمارے سوالات وقفہ سوالات میں شامل نہیں کئے جاتے ایم کیو ایم کے آصف حسنین نے کہا کہ ایم کیو ایم ملک کی چوتھی بڑی سیاسی جماعت ہے مگر اس کے قائد الطاف حسین کی تقاریر پر غیر قانونی پابندی لگائی گئی ہے ادویات کی قیمتیں ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی کے بغیر بڑھا دی گئی ہیں ہم اس کے خلاف واک آؤٹ کرتے ہیں نفیسہ خٹک نے کہا اسلام آباد میں ہندوؤں کے لئے کوئی مندر یا شمشان گھاٹ نہیں ہے جس کی وجہ سے انہیں عبارت اور مردوں کو جلانے میں دشواری ہوتی ہے ۔

عیسیٰ نوری نے کہا کہ مردم شماری کی تیاریاں کی جارہی ہیں مگر بلوچستان میں سکیورٹی کی صورتحال کی وجہ سے مردم شماری کرانا ممکن دکھائی نہیں دے رہے بلوچستان میں ضمنی انتخابات بھی ممکن نہیں ہوسکے تھے مگر نتائج مرتب کرکے اعلان کرادیئے گئے افغان مہاجرین کی وجہ سے بھی مشکلات ہوں گی پہلے فیصلہ کرنا ہوگا کہ آباد کار کون ہے اور مہاجر کون ہے گوادر کے لوگوں کو خدشہ ہے کہ وہاں سے مقامی لوگوں کو بے دخل کیا جائے گا یہ خدشہ دور کرنے کی ضرورت ہے محمود خان اچکزئی نے کہا کہ بعض لوگ بلوچستان میں مردم شماری کی مخالفت کررہے ہیں اور وجہ یہ بتا رہے ہیں کہ افغان مہاجرین رجسٹرڈ ہوجائیں گے انگریزوں کے قیام پاکستان سے قبل گزٹ میں کوئٹہ کو پختون سٹی قرار دیا گیا وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہا کہ گوادر منصوبہ مکمل ہونے پر گوادر میں تعلیم صحت اور رو زگار کے مواقع پیدا ہونگے اس سال ستمبر سے مغربی روٹ پر یونیورسٹی قائم ہوگی گروپ میں بھی یونیورسٹی کی کلاسز شروع کی جائیں گی۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں