کراچی سمیت ملک کے تمام حصوں میں دہشت گردی کے مکمل خاتمہ تک کارروائیاں جاری رہیں گی

قانون کی حکمرانی مکمل طور پر قائم کی جائے گی، چین اقتصادی راہداری منصوبہ ایک وسیع البنیاد ترقیاتی منصوبہ ہے صدر مملکت ممنون حسین کا سرحد یونیورسٹی کے 12 ویں کانووکیشن سے خطاب

ہفتہ 20 فروری 2016 19:59

اسلام آباد ۔ 20 فروری (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔20 فروری۔2016ء) صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ کراچی سمیت ملک کے تمام حصوں میں دہشت گردی کے مکمل خاتمہ تک کارروائیاں جاری رہیں گی اور قانون کی حکمرانی مکمل طور پر قائم کی جائے گی۔ وہ ہفتہ کو اسلام آباد میں سرحد یونیورسٹی کے بارہویں کانووکیشن سے خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر ہائیر ایجوکیشن کمیشن کے چئیرمین ڈاکٹر مختار احمد نے بھی خطاب کیا۔

صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان صنعت، معیشت اور ٹیکنالوجی کے شعبوں میں ایک نئے دور میں قدم رکھنے جا رہا ہے۔ بدلے ہوئے حالات میں اگر قوم عہدنو کے تقاضوں سے قدم ملا کر چلتی رہی تو اس کے نتیجہ میں ترقی اور خوش حالی قوم کا مقدر بن جائے گی۔ صدر مملکت نے اس امر پر افسوس کا اظہار کیا کہ ماضی میں پاکستان کے بہترین محل وقوع سے فائدہ نہیں اٹھایا گیا جس کے نتیجہ میں ملک ترقی نہ کرسکا۔

(جاری ہے)

لیکن یہ امر باعث مسرت ہے کہ اب یہ معاملہ قومی ترجیحات میں شامل ہو چکا ہے اور اس پر تیز رفتاری سے کام جاری ہے۔ صدر مملکت نے کہا کہ خیبر پختونخوا اور قبائلی علاقوں میں بدترین دہشت گردی کے باوجود یہاں کے بہادر عوام چٹان کی طرح ڈٹے رہے۔ عوام اور قومی سلامتی کے اداروں کی ان قربانیوں کی وجہ سے دشمن پسپا ہو چکا ہے اور ملک میں امن و امان کا سورج طلوع ہورہا ہے اور دہشت گردی دم توڑ رہی ہے۔

انھوں نے سرحد یونیورسٹی کے فاصلاتی تعلیم کے پروگرام کو قبائلی علاقوں تک فوری طور پر وسعت دینے کی ہدایت کی۔صدرمملکت نے کہا کہ پاک چین اقتصادی راہداری منصوبہ محض سڑکوں کے ایک وسیع جال پر ہی مشتمل نہیں بلکہ یہ ایک وسیع البنیاد ترقیاتی منصوبہ ہے جس سے بھرپور فائدہ اٹھانے کیلئے سائنس ٹیکنالوجی، زرعی تحقیق، مواصلات، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور اقتصادی علوم میں مہارت حاصل کرنی ہو گی تاکہ اقتصادی راہداری اور گوادر پورٹ فعال ہونے کے بعد مختلف شعبوں کے ماہرین کیلئے ہمیں غیروں کی طرف نہ دیکھنا پڑے۔

ان جواب نے واضح کیا کہ اقتصادی راہداری کے روٹ میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی اس سلسلے ہونے والا پروپیگنڈہ حقیقت پر مبنی نہیں۔ انہوں نے نوجوانوں کو ہدایت کی کہ وہ یکسوئی کی ساتھ ترقیاتی منصوبوں کی حمایت کریں تاکہ یہ بروقت مکمل ہوسکیں اور ملک کی معیشت مستحکم ہوسکیں۔ صدر مملکت نے اس موقع پر نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے طلبہ میں انعامات تقسیم کئے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں