وزیراعظم نواز شریف کا توانائی کے جاری منصوبوں کو بروقت مکمل کرنے کا حکم

پیر 22 فروری 2016 14:59

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔22 فروری۔2016ء) وزیراعظم نواز شریف نے توانائی کے جاری منصوبوں کو بروقت مکمل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ توانائی منصوبوں پر پیش رفت کا باقاعدہ سے خود جائزہ لوں گا، بجلی کی اضافی پیداوار، معاشی ترقی کا باعث بنے گی اور بنیادی ڈھانچے کی تعمیر میں معاون ثابت ہو گی۔وہ پیر کو توانائی کی کابینہ کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔

اجلاس میں وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار، وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف، وزیر پٹرولیم شاہد خاقان عباسی، وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال، وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق، وفاقی وزیر پانی و بجلی خواجہ محمد آصف سمیت دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔اجلاس میں سیکرٹری پانی و بجلی نے شرکا کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ 2015ء بجلی کی پیداوار کے حوالے سے بہترین رہا،گزشتہ دس سال کے مقابلے میں سال 2015ء میں لائن لاسز سب سے کم رہے، سال 2015ء بجلی واجبات کی وصولیوں کے حوالے سے بھی بہترین رہا، حکومت کے بہتر اقدامات کی بدولت لائن لاسز میں 5.8فیصد کمی ہوئی جبکہ وصولیوں کی مد میں 51 ارب کا اضافہ ہوا، لائن لاسز میں کمی سے قومی خزانے کو 10 ارب روپے کا فائدہ ہوا،بہترین نرخوں پر بجلی کی پیداوار سے 57 ارب روپے بچائے گئے۔

(جاری ہے)

اجلاس کو آگاہ کیا گیا کہ ملک میں ایندھن کے ذخائر کی صورتحال تسلی بخش ہے، بہتر نظم و نسق کی وجہ سے بجلی کی پیداوار 17ہزار میگاواٹ تک جا پہنچی ہے، سال 2015ء میں نجی بجلی گھروں کو مراعات دینے کا آغاز کیاگیا،2015ء میں نجی بجلی گھروں سے بجلی کی پیداوار 12ہزار میگاواٹ تک رہی۔ اجلاس کے دوران وزیراعظم نواز شریف کو توانائی کے مختلف منصوبوں کی تکمیل کے حوالے سے آگاہ کیا گیا۔

اجلاس کے شرکاء کو بتایا گیا کہ آئندہ سال 2017ء کی سردیوں تک قومی گرڈ میں 9090 میگاواٹ بجلی شامل ہو جائے گی۔ وزیراعظم نواز شریف نے توانائی کے منصوبوں کی بروقت تکمیل کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ توانائی کے منصوبوں پر پیش رفت کا باقاعدہ سے خود جائزہ لوں گا، اضافی بجلی آنے سے ملک میں لوڈشیڈنگ پر قابو پانے میں مدد ملے گی، اضافی بجلی معاشی ترقی کا باعث بنے گی۔ انہوں نے کہا کہ بجلی کی پیداوار میں اضافہ بنیادی ڈھانچے کی تعمیر میں بھی معاون ثابت ہو گا۔

متعلقہ عنوان :

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں