الیکشن کمیشن نے حلقہ این اے 245کراچی اور پی ایس115 میں ضمنی انتخاب کا شیڈول جاری کر دیا، پولنگ 4 اپریل کو ہو گی

کاغذات نامزدگی 7 اور8 مارچ کو جمع کرا ئے جاسکیں گے ، جانچ پڑتال کا عمل 11 مارچ کو مکمل کیا جائے گا،حتمی فہرست 17مارچ کو جاری کی جائے گی

پیر 22 فروری 2016 22:08

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔22 فروری۔2016ء) الیکشن کمیشن نے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے دوسو پینتالیس کراچی اور صوبائی اسمبلی سندھ کا حلقہ پی ایس ایک سو پندرہ میں ضمنی انتخاب کا شیڈول جاری کر دیا۔دونوں حلقوں میں پولنگ چار اپریل کو ہو گی ۔قومی اسمبلی کے حلقہ این اے دو سو پینتالیس کراچی سے متحدہ قومی موومنٹ کے رکن اسمبلی محمد ریحان ہاشمی جبکہ سندھ اسمبلی کے حلقہ پی ایس ایک سو پندرہ سے ڈاکٹر ارشد عبداﷲ کے مستعفی ہو جانے سے دونوں نشستیں خالی ہوئیں۔

(جاری ہے)

جس پر ضمنی انتخاب کے لئے الیکشن کمیشن نے شیڈول جاری کر دیا ہے۔قومی اور صوبائی اسمبلی حلقہ کے لئے امیدوار اپنے کاغذات نامزدگی سات اور اٹھ مارچ کو جمع کرا سکتے ہیں۔ نامزدگی فارم کی جانچ پڑتال کا عمل گیارہ مارچ کو مکمل کیا جائے گا۔کاغذات کی منظوری یا مسترد ہونے کے خلاف چودہ مارچ کو اپیلیں دائر کی جا سکیں گی۔ٹریبونل سولہ مارچ کو دائر اپیلوں پر فیصلے دیں گے۔امیدوار سترہ مارچ کو اپنے کاغذات واپس لے سکیں گے جبکہ اسی روز امیدواروں کی حتمی فہرست بھی جاری کی جائے گی۔ دونوں حلقوں میں پولنگ چار اپریل کو ہو گی۔

متعلقہ عنوان :

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں