وزیر اعلیٰ سندھ نے دبئی سے کراچی پہنچتے ہی سندھ کابینہ میں تبدیلیاں کر دیں

مولا بخش چانڈیو وزیر اعلیٰ سندھ کے مشیر اطلاعات مقرر ،فیاض بٹ کو وزیر اعلیٰ کا معاون خصوصی بنادیا گیا

جمعہ 27 نومبر 2015 20:28

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔27 نومبر۔2015ء ) وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے دبئی سے کراچی پہنچتے ہی سندھ کابینہ میں تبدیلیاں کر دیں ۔ جمعہ کو تعطیل کے موقع پر حکومت سندھ کے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق سابق صوبائی وزیر بلدیات سید ناصر حسین شاہ کو محکمہ خوراک کا قلمدان سونپا گیا ہے ۔ صوبائی وزیر جام خان شورو سے لائیو اسٹاک کا قلمدان واپس لے کر انہیں بلدیات کا وزیر بنا دیا گیا ہے ۔

پیپلز پارٹی کے رہنما اور سابق وفاقی وزیر مولا بخش چانڈیو کو وزیر اعلیٰ سندھ کا مشیر برائے اطلاعات مقرر کیا گیا ہے جبکہ پیپلز پارٹی کے رکن سندھ اسمبلی فیاض بٹ کو وزیر اعلیٰ کا معاون خصوصی مقرر کرکے انہیں پبلک ہیلتھ انجینئرنگ اور دیہی ترقی کا قلمدان سونپا گیا ہے ۔

(جاری ہے)

ان کا عہدہ صوبائی وزیر کے برابر ہو گا ۔ واضح رہے کہ سندھ کابینہ میں تبدیلی کا فیصلہ دبئی میں پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری کی زیر صدارت مشاورتی اجلاس میں کیا گیا تھا ۔

اجلاس میں بیورو کریسی میں بھی بڑے پیمانے پر اکھاڑ پچھاڑ کا فیصلہ ہوا تھا ۔ ان فیصلوں کی روشنی میں سندھ کابینہ میں مزید ردو بدل ہو سکتا ہے جبکہ بیورو کریسی میں بڑے پیمانے پر تبدیلیوں کا انتظار کیا جا رہا ہے ۔ سید ناصر حسین شاہ سے 18 نومبر کو بلدیات کا قلمدان لے لیا گیا تھا جبکہ 19 نومبر کو سندھ میں دوسرے مرحلے کے انتخابات ہونے والے تھے ۔

اس پر گھوٹکی کے مہربرادران اور ناصر حسین شاہ دبئی پہنچ گئے ۔ اب انہیں خوراک کا قلمدان سونپا گیا ہے ، جو منظور حسین وسان سے واپس لیا گیا ہے ۔ منظور حسین وسان کے پاس اب معدنیات و معدنی ترقی اور اینٹی کرپشن کا قلمدان ہے جبکہ سینئر وزیر نثار احمد کھوڑو سے بھی اطلاعات کا قلمدان واپس لے کر مولا بخش چانڈیو کو دیا گیا ہے ۔ سینئر وزیر نثار احمد کھوڑو کے پاس محکمہ تعلیم کا قلمدان رہے گا ۔

متعلقہ عنوان :

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں