کراچی ،سینیٹر حاجی غلام علی نے سی ایس ایم منیرکی تقرری، ایف پی سی سی آئی الیکشن میں مداخلت اورغلط استعمال کو اسلام آباد ہائی کورٹ میں چیلنج کر دیا

ہفتہ 28 نومبر 2015 12:15

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔28 نومبر۔2015ء) بزنس مین پینل سے ایف پی سی سی آئی کے صدارتی امید وار سینیٹر حاجی غلام علی نے سی ای او ٹی ڈیپ (CEO-TDAP) ایس ایم منیرکی تقرری ، ایف پی سی سی آئی کے الیکشن میں ان کی ناجائز مداخلت اورٹی ڈیپ کے عہدے کے غلط استعمال کو اسلام آباد ہائی کورٹ میں چیلنج کیا جسکی پیروی سپریم کورٹ کے ممتاز سینئر ایڈوکیٹ جسٹس ریٹائرڈ مشتاق احمد خان سابق پراسیکیوٹرجنرل نے کی ۔

یہاں سے جاری پریس ریلز کی تفصیلات کے مطابق انہوں نے فاضل جج جسٹس عامر فاروق اسلام آباد ہائی کورٹ کی عدالت میں دلائل دیتے ہوئے کہا کہ سی ای او ٹی ڈیپ کی تقرری میں رولز ،قوانین اور آئین کی کھلی خلاف ورزی کی گئی ہے۔ ٹرا نسپیرنسی انٹرنیشنل پاکستان(TIP)اور پاکستان کی بزنس کمیونٹی نے وزیر اعظم پاکستان بشمول چیف جسٹس آف پاکستان اور چیر مین نیب کوخطوط کے ذریعے ایس ایم منیر پر اپنے تحفظات سے آگاہ کیا تھا کہ سی ای او ٹی ڈیپ نے اپنے عہدے اور منصب کا ناجائز فائدہ اٹھاکر ایف پی سی سی آئی میں نہ صرف الیکشن پر اثر انداز ہوئے بلکہ یوبی جی کے نام سے اپنا گروپ تشکیل دیا،ایس ایم منیر نے اپنے یونائیٹڈبزنس گروپ (UBG) کے جلسے اوراسکے لیئے فنڈ ریزنگ بھی کرتے رہے ہیں۔

(جاری ہے)

جسٹس ریٹائرڈ مشتاق احمد خان نے عدالت میں مزید دلائل دیتے ہوئے کہا کہ سی ای او ٹی ڈیپ (CEO-TDAP)کی تقرری کے لیئے دیئے گئے اشتہار میں درج شرائط کی سنگین خلاف ورزی کی گئی اور ایس ایم منیرکے اس عہدے کے لیئے دی گئی شرائط پر پورا نہ اترنے کے باوجود ان کی غیر قانونی تقرری کی گئی۔ فاضل جج اسلام آباد ہائی کورٹ جسٹس عامر فاروق نے اپنے عبوری حکم میں سی ای او ٹی ڈیپ ایس ایم منیرکو ایف پی سی سی آئی کے الیکشن میں مداخلت اوراپنے اثرورسوخ کے استعمال سے روکتے ہوئے وفاقی حکومت سے 10دسمبر 2015ء تک تقرری کا ریکارڈاور کمنٹس مانگ لیئے ہیں۔

بزنس مین پینل کے رہنماؤں نے عدالت کے اس عبوری فیصلے پر اطمینان کا اظہا ر کرتے ہوئے اسے سراہاہے اور اس یقین کا اظہار کیاہے کہ اس عبوری فیصلے سے قانون کا بول بالا ہوگااور بزنس کمیونٹی قبضہ گروپوں کے ناجائز تسلط اور ذاتی مفادات کی ہوس سے نجات پاکر اپنے نمائندے آزادانہ طور پر منتخب کر سکے گی جس سے ایف پی سی سی آئی صحیح معنوں میں ملک کے صنعتی اور تجارتی مسائل کو حل کرنے کے لیے حکومت اور تاجر برادری کے درمیان پل کا کردار ادا کر سکے گی جسکے نتیجے میں ملک کی معیشت بہتری کی طرف گامزن ہوگی ۔

متعلقہ عنوان :

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں