کراچی ،یو نائٹیڈ بزنس گروپ کی کور کمیٹی نے ایف پی سی سی آئی میں سندھ کوٹے پر 3نائب صدور کے انتخابات کیلئے امیدوار نامزد کردیئے

ہفتہ 28 نومبر 2015 12:15

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔28 نومبر۔2015ء) یو نائٹیڈ بزنس گروپ (یو بی جی)سندھ کی کور کمیٹی نے وفاق ایوانہائے صنعت وتجارت(ایف پی سی سی آئی)میں سندھ کوٹے پرسے3نائب صدور کے انتخابات کیلئے امیدوار نامزد کردیئے۔سندھ کی ٹریڈ باڈیز سے میاں ارشد فاروق اورآباد کے موجودہ چیئرمین حنیف گوہر جبکہ سندھ کے چیمبرز آف کامرس سے لاڑکانہ چیمبر کے ذوالفقار علی شیخ یو بی جی کے نائب صدارت کیلئے امیدوار ہونگے۔

یو بی جی سندھ کی کور کمیٹی کا اجلاس یو بی جی سندھ کے چیئرمین شیخ خالد تواب کی صدارت میں منعقد ہوا جس میں یو بی جی سندھ کے سینیٹر عبدالحسیب خان،ایف پی سی سی آئی کے صدر میاں محمدادریس، سینئر نائب صدر عبدالرحیم جانو،یو بی جی کے ترجمان گلزار فیروز، ڈاکٹرمرزا اختیار بیگ،منیر سلطان، مہتاب الدین چاؤلہ،عبدالسمیع خان،یحییٰ پولانی،ممتازشیخ،شاہنوازاشتیاق،وسیم وہرہ،اکرام راجپوت،ملک خدا بخش،نوراحمدخان،نقی باڑی،عرفان سروانہ،حافظ بلال، ناہیدمسعود،انجینئرداروخان،فاروق خان،فریدہ قریشی اور دیگر شریک ہوئے۔

(جاری ہے)

اجلاس میں اتفاق رائے سے فیصلہ کیا گیا کہ ٹریڈ باڈیز کے کوٹے پر ایف پی سی سی آئی کے انتخابات میں سندھ کی نشستوں پرمیاں ارشد فاروق اور ایسوسی ایشن آف بلڈرز اینڈ ڈیولپرز(آباد)کے موجودہ چیئرمین حنیف گوہر جبکہ لاڑکانہ چیمبر کے ذوالفقار علی شیخ نائب صدارت کیلئے امیدوار ہونگے۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے یو بی جی سندھ کے چیئرمین شیخ خالد تواب نے بزنس کمیونٹی کیلئے وسیع تر خدمات پرایس ایم منیر کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ ایس ایم منیر اور افتخار علی ملک کی جدوجہد کی وجہ سے ہی پاکستان کی بزنس کمیونٹی ایک مستحکم پلیٹ فارم پر جمع ہوئی ہے اور ہمیں متحد رہ کر بزنس کمیونٹی کے وفاقی نمائندہ ادارے ایف پی سی سی آئی سے رہے سہے گندے انڈوں کو نکالنا ہے تاکہ وہ بزنس کمیونٹی کے اتحاد میں دراڑیں نہ ڈال سکیں۔

اس موقع پر یو بی جی کے ترجمان گلزار فیروز نے ایک جائزہ پیش کیا اور کہا کہ ایف پی سی سی آئی کے آئندہ انتخابات میں یونائٹیڈ بزنس گروپ 90فیصد سے زائد ووٹ حاصل کرنے میں کامیاب رہے گا کیونکہ الیکشن میں مخالف گروپ جس چیمبر اور ٹریڈ باڈیز میں جارہا ہے وہاں انہیں حمایت کے حصول میں ناکامی کا سامنا ہے اور مخالف گروپ نے جن ٹریڈ باڈیز کی جانب سے اپنے لئے حمایت کا اعلان کیا تھا ان سب سے انکے اعلان کی نفی کردی ہے جس سے واضح طور پر یہ ظاہر ہوتا ہے کہ الیکشن میں مخالف گروپ یونائٹیڈ بزنس گروپ کی بڑھتی ہوئی مقبولیت سے بوکھلا چکا ہے اور بے بنیاد دعووں میں مصروف ہے لیکن یو بی جی کے لیڈران عملی کام کررہے ہیں زبانی دعوے نہیں کررہے اور ملک بھر کی بزنس کمیونٹی کو ایف پی سی سی آئی کے موجودہ عہدیداران اور یو بی جی کے لیڈران کی کارکردگی پر اعتماد ہے۔

گلزار فیروز نے بتایا کہ ایف پی سی سی آئی کے سینئرنائب صدر کے امیدوار کی نامزدگی کیلئے کورکمیٹی کے اراکین خفیہ رائے شماری کے ذریعہ آج ہفتے کو لاہور میں ہونے والے اجلاس میں فیصلہ کریں گے۔

متعلقہ عنوان :

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں