کراچی ،آٹھویں عالمی اردو کانفرنس 8دسمبر سے11دسمبر تک منعقد ہوگی

کانفرنس میں دنیا بھر سے نامور ادیب ،نقاد،شاعراور دانشور شر کت کریں گے ،احمد شاہ کی پریس کانفرنس

ہفتہ 28 نومبر 2015 17:38

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔28 نومبر۔2015ء) آٹھویں عالمی اردو کانفرنس 8دسمبر سے11دسمبر تک منعقد ہوگی۔ جس میں دنیا بھر کے ادیب، شاعراور سکالر شرکت کریں گے ۔ہندوستان سے آنے والے تمام افراد کے ویزے لگ چکے ہیں اور وہ سب انشا اللہ 7دسمبر کو پہنچ بھی جائیں گے اس کے علاوہ بھی دیگر ملکوں سے لوگوں کی آمد ورفت کا سلسلہ چل نکلا ہے۔

پاکستان میں عالمی اردو کانفرنس کا یہ سلسلہ 2008میں شروع ہوا جو بغیر کسی وقفے کے جاری ہے۔ آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی کو یہ اعزاز حاصل ہے کہ اس نے اس کانفرنس کی بنیادڈالی جس کا انتظاردنیا بھر سمیت پاکستان کے دیگر شہر کے ادبی و ثقافتی حلقے سال بھرکرتے ہیں ۔اس سال اردو کانفرنس میں اردو زبان و ادب پر مقالے پڑھے جانے اور اس کا اجمالی جا ئزہ لیا جا نے کے ساتھ ہی ساتھ ہم نے اردو تھیٹر،مشرقی موسیقی اور مصوری کو بھی شامل کیا ہے۔

(جاری ہے)

کیونکہ کوئی بھی زبان اپنی ثقافت کے بغیر کوئی حیثیت نہیں رکھتی۔اسی لیے اس مرتبہ اردو کانفرنس میں اردو کو درپیش مسائل ،اردو کا نصاب تعلیم، پاکستان کی دوسری زبانوں سے اردوکے روابط، اردو کا نعتیہ ادب،ضیاء محی الدین اور انور مقصود کے سیشن،پاکستانی مصوری،میڈیا،تھیٹر،فلم وغیرہ پر بھی سیشنز منعقد کئے جا ئیں گے۔جبکہ پہلی مر تبہ بچوں کے ادب کے حوالے سے سیشن رکھا گیا ہے۔

علاوہ ازیں خطے میں امن کے حوالے سے تخلیق کار کیا سوچتے ہیں،اسے کس طرح دیکھتے ہیں اور کیا تجاویز دیتے ہیں یہ بھی اس کانفرنس کا حصہ ہوگا۔پچھلے سال کی طرح اس سال بھی عالمی مشاعرہ اردو کانفرنس کا حصہ ہوگی۔ان خیالات کا اظہار آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی کے سیکریٹری محمد احمد شاہ نے آرٹس کونسل میں”آٹھویں عالمی اردو کانفرنس“ کے حوالے سے منعقدہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہو ئے کیا۔

اس موقع پر آرٹس کونسل کے صدر پروفیسر اعجاز احمد فاروقی،نائب صدر پروفیسر سحر انصاری،خازن شہناز صدیقی اور ادبی کمیٹی کی چیئر پرسن حسینہ معین بھی موجود تھیں۔احمد شاہ نے بتا یا کہ اس کانفرنس میں دنیا بھر سے نامور ادیب ،نقاد،شاعراور دانشور شر کت کر رہے ہیں۔ جس میں ہندوستان، ایران، بنگلہ دیش، امریکہ ، برطانیہ، ناروے،ڈنمارک،فن لینڈ اور سوئڈن کے اسکالرز شامل ہیں۔

کانفرنس میں شرکت کر نیوالے چند ناموں کا تذکرہ کرتے ہو ئے انہوں نے بتا یا کہ ہندوستان سے ڈاکٹر شمیم حنفی،ڈاکٹر ابوالکلام قاسمی،ڈاکٹر انیس اشفاق، خوشبیر سنگھ شاد ،عبید صدیقی ، رنجیت سنگھ چوہان،فاروق سید اور فرحت احساس تشریف لارہے ہیں جبکہ برطانیہ سے رضا علی عابدی،نجمہ عثمان، نعیم حیدر،غزل انصاری ۔امریکا سے ڈاکٹر عذرا رضا اسی طرح بنگلہ دیش سے محمود السلام،ناروے سے سید مجاہد حسین۔

فن لینڈ سے ارشد فاروق اور ڈنمارک سے نصر ملک و دیگر نام شامل ہیں ہے اسی طرح پاکستان بھر سے تمام اہم ادیب و شاعر بھی اس میں شرکت فر مائیں گے۔جس میں انتظار حسین،انور مسعود، امجد اسلام امجد، اصغر ندیم سید،مسعود اشعر،مستنصر حسین تارڑ،ڈاکٹر انعام الحق جاوید،کشور ناہید،حارث خلیق،ڈاکٹر قاسم بگھیو،ڈاکٹرانوار احمدکے علاوہ باقی صوبوں کے ادیبوں اور شاعروں کے ساتھ ساتھ کراچی کے تمام اہم نام بھی شامل ہیں۔

حسینہ معین نے کہا کہ آرٹس کونسل ایک ایسا ادارہ ہے جہاں علم و ادب کو فروغ دیا جا تا ہے ۔اسی سلسلے کی کاوش آرٹس کونسل کا ادبی جریدہ ہے جو عنقریب شائع ہو رہا ہے ۔پروفیسر سحر انصاری نے کہا کہ آرٹس کونسل عالمی اردو کانفرنس کے حوالے سے جو کار نامہ انجام دے رہا ہے وہ ایک بہت بڑی تہذیبی خدمت ہے۔لیجنڈ شخصیات کا اس عالمی کانفرنس میں شر یک ہو نا ایک بہت بڑا اعزاز ہے۔

آخر میں پروفیسر اعجاز احمد فاروقی نے میڈیا کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ میڈیا نے ہمیشہ عالمی اردو کانفرنس کو بے مثال کوریج دی ہے اس موقع پر آپ کا بھی شکریہ ادا کروں گا۔اور امید رکھتا ہوں کہ یہ کانفرنس بھی گذشتہ کانفرنسوں کی طرح کامیاب ثابت ہوگی۔ اس موقع پر اسجد بخاری ، کاشف گرامی،محمد اقبال لطیف سعادت جعفری اور شیخ راشد عالم بھی موجود تھے۔

متعلقہ عنوان :

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں