بلدیہ غربی کی حدود میں جاری مرمت و درستگی کے کاموں کو برق رفتاری سے مکمل کیا جائے،سجاد احمد میمن

پیر 30 نومبر 2015 17:58

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔30 نومبر۔2015ء) کمشنر کراچی کی ہدایت پر ایڈمنسٹریٹر بلدیہ غربی سجاد احمد میمن نے بلدیہ غربی میں جاری سڑکوں و گلیوں کی مرمت و درستگی کے کاموں کا جائزہ لیتے ہوئے کہا کہ بلدیہ غربی کی حدود میں جاری مرمت و درستگی کے کاموں کو برق رفتاری سے مکمل کیا جائے تاکہ یہاں رہائش پذیر افراد کوجلد از جلد بہترین سہولیات میسر آسکیں ان خیالات کا اظہار انہوں نے سائٹ زون میں جاری پیج ورک کے کام کا جائزہ لیتے ہوئے کیا انہوں نے موقع پر موجود افسران کو ہدایت دیتے ہوئے کہاکہ جاری کاموں کی بروقت تکمیل کیلئے تمام تر دستیاب وسائل کو بروئے کار لایا جائے تعمیراتی میٹریل کو اس طرح رکھیں کے عوام کو آمد و رفت میں دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے صفائی ستھرائی کے حوالے سے ہدایت دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تمام یونین کونسلوں سے کچرہ کی منتقلی یقینی بنانے کیلئے تمام تر ہلکی و بھاری مشینری سے استفادہ حاصل کیا جائے کچرہ کنڈیوں کی صفائی کے ساتھ ساتھ چونے اور جراثیم کش ادویات کا اسپرے بھی یقینی بنایا جائے جبکہ تمام یونین کونسلوں میں موجود پولنگ اسٹیشنوں کے اطراف صفائی ستھرائی کا کام بھی جلد از جلد مکمل کیا جائے موقع پر موجود عوام سے گفتگو کر تے ہوئے انہوں نے کہا کہ بلدیاتی افسران دستیاب وسائل کا بھرپور استعمال کر تے ہوئے ہر علاقے میں بلا تفریق ترقیاتی کام کروا ر ہے ہیں جبکہ بلدیہ غربی کی حدودمیں صفائی ستھرائی کا کام بھی ہنگامی بنیادوں پر جاری ہے صفائی ستھرائی کے عمل میں مصروف عملہ سے آپکا تعاون بے حد ضروری ہے آپ اپنے گھروں کا کچرہ صرف مقررہ مقامات پر ڈالیں آپکے علاقہ میں کہیں کچرہ کے ڈھیر یا نکاسی آب سے متعلق کوئی شکایات ہوتو فورا عملہ کو آگاہ کریں اس موقع پر انکے ہمراہ بلدیاتی افسران بھی موجود تھے۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں