کراچی کو خوف اور دہشت کے خول سے باہر نکالیں گے ،رہنماء مسلم لیگ(ن)علی اکبر گجر

پیر 30 نومبر 2015 20:56

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔30 نومبر۔2015ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) سندھ کے نائب صدر علی اکبر گجر نے کہا ہے کہ کراچی کو خوف اور دہشت کے خول سے باہر نکالیں گے اور اسے استنبول جیسا خوب صورت شہر بنا دیں گے، ہمارا وعدہ ہے کہ بلدیاتی انتخابات میں مسلم لیگ (ن) کے امیدواروں کو کامیابی ملی تو شہر قائد اعظم کو دنیا کا جدید ترین شہر بنا دیں گے۔

پیر کو اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ ایک مدت سے قائد اعظم کی جنم بھومی میں ریموٹ کنٹرول سیاست چل رہی ہے جس کے سبب کراچی کے حالات خراب سے خراب ترہوتے گئے۔ دہشت گردی، ٹارگٹ کلنگ اور بھتہ خوری عروج پر پہنچ گئی اور اس کا امن داؤ پر لگا دیا گیا۔ یہ شہر غریب پروری میں مشہور تھا مگر مفاد پرست عناصر اور غیر ملکی گماشتوں نے اس شہر کی زندگی یرغمال بنا کر اس کی روایتی ساکھ متاثر کی اور اس کا شمار دنیا کے خطرناک ترین شہروں میں ہونے لگا۔

(جاری ہے)

مسلم لیگ (ن) کراچی کے شہریوں کو غلامی سے نجات دلا کر صحیح معنوں میں آزادی کا احساس دلائے گی۔ علی اکبر گجر نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) نظریاتی جماعت ہے اور قومی یکجہتی اور اجتماعی ترقی کی سیاست پر یقین رکھتی ہے اور چاہتی ہے کہ کراچی بھی لاہور کی طرح ماڈل سٹی بنے اور دنیا میں اس کا نام ہو لیکن اس کے لئے ضروری ہے کہ "منی پاکستان" کے باشندے میاں نواز شریف کا ہاتھ تھام لیں اور انہیں مکمل مینڈیٹ دیں تاکہ وہ شہر قائد اعظم کا نقشہ بدل سکیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ مسلم لیگ (ن) کے پاس کراچی کو دنیا کا بہترین شہر بنانے کا ایک معقول ایجنڈہ ہے اور وہ اپنے اس پروگرام میں سنجیدہ اور مخلص ہے۔ کراچی کے عوام اگر بلے، ترازو، تیر اور پتنگ سے کنارہ کشی کر کے شیر کا انتخاب کریں گے تو انشا اﷲ پر سکون اور پر امن کراچی ان کا مقدر بنے گا۔

متعلقہ عنوان :

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں