سیاسی یتیموں اور درباریوں کو بتا دوں کہ ہمیں ہمارے نظریات سے کوئی ہٹا سکا نہ ہٹا سکے گا

پی آئی اے اور پاکستان اسٹیل کی نجکاری نہیں ہونے دیں گے‘ سرکاری اداروں کی بندر بانٹ پر شدید مزاحمت ہو گی: بلاول بھٹو زرداری

پیر 30 نومبر 2015 20:58

کراچی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین ۔۔ آئی پی اے ۔۔30 نومبر۔2015ء) پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹوزرداری نے کہا ہے کہ ملیرذوالفقارعلی بھٹو اور بے نظیربھٹو کے چاہنے والوں کا ضلع ہے،ذوالفقار بھٹو نے اس وقت پیپلزپارٹی کی بنیادرکھی جب محسوس کیا کہ پاکستان کا سودا کیا جا رہا ہے۔بلاول بھٹو زرداری کا ملیر میں پیپلز پارٹی کے ہونے والے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہنا ہے کہ جب کوئی قوم اپنے اصول سے ہٹ جاتی ہے تو قوم نہیں رہتی ہے،غریب مزدوروں اٹھو اور ایک دوسرے کا ہاتھ تھامو۔

بلاول بھٹو زرداری پیپلز پارٹی کے ملیرمیمن گوٹھ میں یوم تاسیس کے سلسلے میں ہونے والے جلسے میں پہنچے تو کارکنوں نے ان کا بھرپور جوش و خروش سے استقبال کیا۔ اسٹیج پر بلاول کی دستار بندی کی گئی۔چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے پیپلزپارٹی کے کارکنوں کو یوم تاسیس کی مبارک پیش کی۔

(جاری ہے)

پیپلز پارٹی کے کارکنوں نے رقص کیا۔بلاول کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی کی بنیاد اس وقت رکھی گئی جب غریب کواس کوحق نہیں مل رہاتھا،پیپلزپارٹی کوراستے سے ہٹانے کیلئے مارشل لاء کی دیواریں کھڑی کی گئیں،پیپلزپارٹی کے کارکن پھانسیاں چڑھے، جیلوں میں بھی گئے۔

انہوں نے کہا کہ بھٹو ایک نظریہ،فلسفہ اورایک حقیقت ہے،پیپلز پارٹی کو عوام کے دلوں سے نہیں نکالا جا سکتا۔بلاول بھٹو زرداری نے ’’دہشت گردوں کے جو یار ہیں، غدار ہیں غدار ہیں‘‘ کے نعرے بھی لگائے۔بلاول بھٹو نے کہا سیاسی یتیموں اور درباریوں کو بتا دوں کہ ہمیں ہمارے نظریات سے کوئی ہٹا سکا نہ ہٹا سکے گا۔ آخری دہشت گرد کے خاتمے تک جدوجہد جاری رہے گی کیونکہ ہماری دہشت گردی کے خلاف ہے۔

بلاول بھٹو نے مزید کہا پی آئی اے اور پاکستان اسٹیل کی نجکاری نہیں ہونے دیں گے۔ سرکاری اداروں کی بندر بانٹ پر شدید مزاحمت ہو گی۔ بلاول بھٹو زرداری نے سوال کیا کہ پیپلز پارٹی کے خلاف سازشیں کرنے والے بتائیں آپ کب تک سیاسی روبوٹ تیار کرتے رہیں گے۔ نوجوان قیادت کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے بلاول بھٹو نے ملک گیر رابطہ مہم چلانے کا اعلان کیا اور کارکنوں سے ساتھ دینے کا عہد بھی لیا۔

۔اس سے قبل پی پی رہنما شیری رحمان کا کہنا تھا کہ ہماری قیادت کی مہربانی سے جمہوریت کا دیا جل رہاہے، پنجاب میں پیپلزپارٹی محدود نہیں ہوئی ہے، بے نظیر بھٹو کو کسی کے دل سے نہیں نکالا جاسکتا-بلاول بھٹو نے جیالوں کے ساتھ مل کر یہ شہر کراچی کس کا بھٹو کا کے نعرے لگائے۔ خطاب مکمل کرنے کے بعد بلاول بھٹو کارکنوں کے نعروں کا جواب ہاتھ ہلا کر دیتے رہے اس دوران پارٹی نغموں پر جیالوں نے خوب رقص کیا ۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں