وزیر بلدیات سندھ کا سیکرٹری بلدیات کے دفتر کا دورہ ، جاری ترقیاتی کاموں کی سست روی پر شدید تشویش کا اظہار

تمام منصوبوں کی مانیٹرنگ اور ان کی پروگریس رپورٹ کی تیاری کے لئے ایک مانیٹرنگ کمیٹی فوری طور پر قائم کی جائے،جام خان شورو کی ہدایت

بدھ 2 دسمبر 2015 17:22

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔02 دسمبر۔2015ء) وزیر بلدیات سندھ جام خان شورو نے بدھ کے روز سیکرٹری بلدیات کے دفتر کا دورہ کیا اور وہاں افسران سے محکمہ بلدیات کے جاری ترقیاتی کاموں پر مکمل بریفنگ لی۔ صوبائی وزیر نے صوبے میں جاری ترقیاتی کاموں کی سست روی پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے سیکرٹری بلدیات کو فوری طور پر ایک مانیٹرنگ کمیٹی کی تشکیل کی ہدایات دی ہے۔

عوام کو فوری ریلیف کی فراہمی کے لئے ترقیاتی کاموں کے ساتھ ساتھ مختلف ڈسٹرکٹ میں میشنری کی مرمت، واٹر اور سیوریج کے مسائل سمیت دیگر مسائل کے فوری حل کے لئے میونسپل کمیٹی کی سطح پر اسکیموں کی فوری فراہمی کے احکامات بھی جاری کئے ہیں۔25 دسمبر کو عیسائی برادری کے مذہبی تہوار کرسمس کے موقع پر صوبے کے تمام اضلاع میں جہاں جہاں چرچ اور دیگر مذہبی عبادتگائیں موجود ہیں وہاں صفائی ستھرائی کے انتظامات کو یقینی بنایا جائے۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق سندھ کے وزیر بلدیات جام خان شورو نے بدھ کے روز سیکرٹری بلدیات کے دفتر کا دورہ کیا اور وہاں ایک اعلیٰ سطح کے اجلاس کی صدارت کی۔ اجلاس میں سیکرٹری بلدیات سندھ عمران عطا سومرو، اسپیشل سیکرٹری ٹیکنکل، ایڈیشنل سیکرٹری لوکل گورنمنٹ، ایڈیشنل سیکرٹری ہاؤسنگ اینڈ ٹاؤن پلاننگ، تمام ڈپٹی سیکرٹریز اور دیگر اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔

اجلاس میں صوبائی وزیر کو محکمہ بلدیات کے سالانہ ترقیاتی پروگرام پر تفصیلی بریفنگ دی گئی اور انہیں اس کی مد میں مختص رقوم، جاری کردہ رقوم اور ان پرخرچ کی جانے والی رقوم کے حوالے سے آگاہی فراہم کی گئی۔ اس موقع پر صوبائی وزیر نے سالانہ ترقیاتی پروگرام کے تحت جاری منصوبوں میں سست روی پر شدید تشویش کا اظہار کیا اور تمام افسران کو فوری طور پر ان منصوبوں کو تیز کرنے کے احکامات جاری کئے۔

صوبائی وزیر نے سیکرٹری بلدیات کو ہدایات جاری کی کہ صوبے میں محکمہ بلدیات کے جاری تمام منصوبوں کی مانیٹرنگ اور ان کی پروگریس رپورٹ کی تیاری کے لئے ایک مانیٹرنگ کمیٹی فوری طور پر قائم کی جائے اور ان تمام منصوبوں کے حوالے سے رپورٹ ایک ہفتہ کے اندر اندر انہیں پیش کی جائے۔ صوبائی وزیر جام خان شورو نے یہ بھی ہدایات جاری کی کہ میونسپل کمیٹی کی سطح پر ان کے افسران اپنی اپنی اسکیمیں فوری طور پر انہیں فراہم کریں اور یہ اسکیمیں ایسی ہوں جس کا براہ راست اور فوری فائدہ عوام تک پہنچ سکے اور عوام کو درپیش مشکلات میں کمی ہو۔

انہوں نے ہدایات جاری کی کہ ڈسٹرکٹ اور ٹاؤن کی سطح پر مشینری کی مرمت، فراہمی و آب و نکاسی کے مسائل کے حل سمیت دیگر ضروری اسکیموں کی فوری فزیبلٹی بنا کر ان کو اسکیموں میں شامل کیا جائے تاکہ اس سے عوام کو فوری ریلیف مل سکے۔ انہوں نے اس موقع پر جیکب آباد سے ویڈیو کانفرنس کے ذریعے وہاں کے متعلقہ افسران سے بھی انکے ڈسٹرکٹ کے حوالے سے مکمل بریفنگ حاصل کی اور کھیرتھل میں واٹر سپلائی کی اسکیم میں دو مشینوں کی خرابی پر شدید برہمی کا اظہار کیا اور فوری طور پر ان دونوں مشینوں کی ہنگامی بنیاد پر مرمت کے احکامات جاری کئے اور اس کی رپورٹ آئندہ 24 گھنٹوں میں انہیں پیش کرنے کی بھی ہدایت کی۔

صوبائی وزیر جام خان شورو نے اس موقع پر ایک بار پھر واضح کیا کہ صوبے میں محکمہ بلدیات میں افسران کے تبادلے اور تقرریوں پر مکمل پابندی عائد کی گئی ہے اور اب محکمہ کے زیر انتظام آنے والے تمام اداروں میں مانیٹرنگ سسٹم نافذ کیا جائے تاکہ افسران اور اہلکاروں کی کارکردگی کو مانیٹر کیا جاسکے۔ اس موقع پر انہوں نے سیکرٹری بلدیات کو یہ بھی ہدایات جاری کی کہ 25 دسمبر کو عیسائی برادری کے مذہبی تہوار کرسمس کے موقع پر صوبے کے تمام اضلاع میں جہاں جہاں چرچ اور دیگر مذہبی عبادتگائیں موجود ہیں وہاں صفائی ستھرائی اور وہاں لائٹوں کی خرابیوں کو ہنگامی بنیادوں پر دور کرنے کے تمام ایڈمنسٹریٹرز، میونسپل کمشنر، ٹاؤن میونسپل آفیسرز اور دیگر متعلقہ افسران کو احکامات جاری کئے جائیں۔

ساتھ ہی عیسائی برادری والے علاقوں میں بھی صفائی ستھرائی کے انتظامات کو یقینی بنایا جائے۔

متعلقہ عنوان :

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں