شہریوں کو معیاری اور بانی پاکستان کے یوم ولادت پر صحتمندتفریح کے مواقع مہیا کرنا بلدیاتی اداروں کی اولین ذمہ داری ہے، میٹروپولیٹن کمشنر

جمعرات 3 دسمبر 2015 21:12

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔03 دسمبر۔2015ء) بلدیہ عظمیٰ کراچی کے میٹروپولیٹن کمشنر سمیع الدین صدیقی نے کہا ہے کہ شہریوں کو معیاری اور بانی پاکستان کے یوم ولادت پر صحتمندتفریح کے مواقع مہیا کرنا بلدیاتی اداروں کی اولین ذمہ داری ہے، سائیکلنگ مقابلے کے انعقاد کے لئے بلدیہ عظمیٰ کراچی ہرممکن تعاون اور سرپرستی فراہم کرے گی، ان خیالات کا اظہار انہوں نے 25 دسمبر کو بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کے یوم ولادت کے موقع پر ’’چین ری ایکشن گروپ‘‘ کے تعاون سے سائیکلنگ مقابلے کے انتظامات کا جائزہ لیتے ہوئے کہی اس موقع پر بلدیہ عظمیٰ کراچی کے سینئرڈائریکٹر کلچر اسپورٹس اینڈ ریکریشن رضا عباس رضوی اور ’’چین ری ایکشن گروپ‘‘ کی جانب سے نعمان نفیس، اقراء بیگ اور انیلہ ویلڈن بھی موجود تھے انہوں نے کہا کہ سائیکلنگ مقابلے دنیا بھر میں بیحد مقبول ہیں اور سائیکلنگ ایک شوق ہونے کے ساتھ ساتھ صحت کو بہتر بنانے میں مدد دیتی ہے جبکہ جن جگہوں پر لوگ سائیکل زیادہ استعمال کرتے ہیں وہاں ماحولیاتی آلودگی میں بھی کمی واقع ہوتی ہے اور شہریوں کو بہتر اور صحت بخش ماحول ملتا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اس مقابلے کے لئے محکمہ کلچر اسپورٹس اینڈ ریکریشن اور دیگر محکمے انتظامات کریں گے، سینئر ڈائریکٹر رضا عباس رضوی نے اس موقع پر کہا کہ بلدیہ عظمیٰ کراچی کی جانب سے شہر بھر میں اشتہاری مہم، سٹی وارڈنز کی تعیناتی، ایمبولینس سروس اور دیگر انتظامات میں تعاون فراہم کیا جائے گا یہ مقابلہ فریئرہال سے شروع ہوکر سفاری پارک میں اختتام پذیر ہوگا، چین ری ایکشن گروپ کی جانب سے انیلہ ویلڈن نے کہا کہ سائیکلنگ ایک شوق ہے مگر یہ صحت کو بہتر بنانے میں بھی مدد دیتی ہے، بانی پاکستان کے یوم ولادت کے موقع پر ہونے والے اس مقابلے میں تمام شہریوں کو دعوت عام ہے جس میں نوجوان، خواتین، فیملیز اور بچے شرکت کرسکتے ہیں تاکہ سائیکلنگ کے شوق کے ذریعے صحتمند تفریح حاصل کریں۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں