ہم لسانیت کا بت پوری کراچی میں توڑیں گے۔ اپنے بچوں کی تقدیر بدلنے کے لئے5دسمبر کو دیانتدار لوگوں کو منتخب کرانا ہو گا،عبدالرزاق خان

جمعرات 3 دسمبر 2015 21:19

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔03 دسمبر۔2015ء) امیر جماعت اسلامی ضلع غربی عبدالرزاق خان نے یو سی15فرنٹیئر کالونی ، یو سی 23مومن آباد،یو سی 10 پیر آبادمیں جماعت اسلامی کے امیدواروں کے انتخابی جلسوں سے خطاب کیا۔ ان انتخابی جلسوں سے تحریک انصاف کے رہنما سعید، ناز بلوچ اور یو سی 4میٹروول کے چیئر مین کے امیدوار صمد خان اور دوسری یوسیز کے چیئر مین اور وائس چیئر مین نے خطاب کیا۔

عبدالرزاق نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جماعت اسلامی اور تحریک انصاف کا یہ اتحاد کراچی کو بھتہ خوروں،اور دہشت گردوں سے آزاد کرانے کا اتحاد ہے۔ضلع غربی کے لوگوں نے بڑے دکھ اٹھائے ہیں پچاس پچاس لاشیں گرائی جاتی تھیں ، غربی مزدور مارے جاتے تھے اور رات کو ٹاک شوز میں بیٹھ کے، پیپلز پارٹی، اے این پی اور متحدہ کے رہنما کہتے تھے کہ یہ تیسری قوت کی کارستانی ہے۔

(جاری ہے)

ہمیں بتایا جائے کہ وہ تیسری قوت کونسی تھی۔دنیا بھر کے بھتہ خور یہاں لائے گئے، دکانوں گھروں اور فیکٹریوں کو بھتہ کی پرچیاں دی گئیں اور ہماری پوری نوجوان نسل خطرے سے دوچار ہو گئی۔انہوں نے کہا کہ ہمارا رشتہ کلمہ کا رشتہ ہے۔اس علاقے کی خیر خواہی اسی میں ہے کہ ہم ایک گلدستہ بن جائیں اس گلدستہ میں مہاجر، پٹھان، پنجابی اور دیگر قومیتوں کے سب لوگ شامل ہوں۔

ہم لسانیت کا بت پوری کراچی میں توڑیں گے۔اپنے بچوں کی تقدیر بدلنے کے لئے5دسمبر کو جماعت اسلامی اور تحریک انصاف کے دیانتدار لوگوں کو منتخب کرانا ہو گا۔چیئر مین کے امیدوار عبدالصمد خان نے کہا کہ عبدالرزاق جو جماعت اسلامی کے اس علاقے کے یوسی ناظم تھے تو اس علاقے کو گرلز کالج ،ماڈل پارک، سڑکیں ،سیوریج لائنوں کا تحفہ دیا۔اور سب سے بڑا تحفہ انہوں نے امن اور محبت کا دیا۔یہ ہے دیانتدار قیادت کی نشانیاں۔ہم بھی کامیابی حاصل کر کے ان شاء اﷲ اس علاقے کو بھتہ خوروں اورپانی چوروں سے نجات دلائیں گے۔5دسمبر کو ترازو کو کامیاب کریں ہم آپ کے مسائل آپ کی دہلیز پر حل کرینگے۔

متعلقہ عنوان :

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں