بیلاروس کے ساتھ سرمایہ کاری کو مزید فروغ دینے کیلئے کوشاں ہے ،ڈاکٹر آصف بروہی

حکومت اور گومل ریجن کے ما بین ٹریکٹر انڈسٹری اور دیگر شعبوں میں فروغ کیلئے ایک یاداشت پر دستخط ہوئے ہیں،چیئرمین سرمایہ کاری بورڈ سندھ

جمعرات 3 دسمبر 2015 22:57

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔03 دسمبر۔2015ء) چیئرمین سندھ سرمایہ کاری بورڈ، ڈاکٹر آصف بروہی نے کہا ہے کہ پاکستان خصوصی طور پر سندھ حکومت بیلاروس کے ساتھ سرمایہ کاری کو مزید فروغ دینے کیلئے کوشاں ہے جس کیلئے حال ہی میں حکومت سندھ اور گومل ریجن کے ما بین ٹریکٹر انڈسٹری اور دیگر شعبوں میں فروغ کیلئے ایک یاداشت پر دستخط ہوئے ہیں اسی پر عمل کر تے ہوئے حکومت سندھ چاہتی ہے کہ بیلاروسی سرمایہ کارایگریکلچر ، ڈیری ، لائیواسٹاک ، متبادل توانائی اور دیگر شعبوں میں بھی سرمایہ کاری کریں۔

ان خیالات کا اظہار انھوں نے بیلاروس کے پاکستان میں متعین سفیراینڈری ارمولوچ سے اپنے دفتر میں ملاقات کے دوران کیا۔اس موقع پر بیلاروس کے سفیر نے کہا کہ بیلاروس کے سرمایہ کار کراچی میں 150ہارس پاورکے ٹریکٹر بنانے کا پلانٹ لگانے کے ساتھ ساتھ دیگر شعبوں میں بھی سرمایہ کاری کرنا چاہتے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید بتایا کہ نیشنل بینک آف بیلاروس اور بیلاروس بینک پاکستان خصوصی طورپر کراچی میں اپنی شاخیں کھولنے کا ارادہ رکھتی ہے جس کیلئے بات چیت آخری مراحل میں ہیں۔

بیلاروس کے سفیر نے کہا کہ بیلاروس حکومت سندھ میں سیاحت ، زراعت، ٹریڈنگ اور دیگر شعبوں میں سرمایہ کاری کو مزید فروغ دینا چاہتی ہے۔ بعد ازاں ڈائریکٹرجنرل سندھ سرمایہ کاری بورڈ، افتخار شالوانی نے شرکاء کو سندھ سرمایہ کاری بورڈ کے متعلق بریفنگ دی جس میں سندھ میں موجود سرمایہ کاری کے مواقعے کے بارے میں تفصیلات بتائی گئیں۔انہوں نے بتا یا کہ سندھ میں قائم ا سپیشل اکنامک زونز میں سرمایہ کاری کرنے والوں کو مشینریزکی درآمد کرنے پر ایک مرتبہ ڈیوٹی سے استثنیٰ جبکہ دس سال کیلئے انکم ٹیکس میں بھی چھوٹ اور تمام یوٹیلٹیز کی فراہمی یقینی بنائی جارہی ہے اور سندھ میں اسٹون ڈولپمنٹ کمپنی کا قیام بھی عمل میں لایا گیا ہے جس کے تحت اسٹیٹ آف دی آرٹ ٹیکنالوجی سے آراستہ ماربل سٹی تعمیرکیا جارہاہے ۔

اس موقع پر کراچی میں بیلاروس کے اعزازی قونصل جنرل عبدالراؤف تابانی بھی موجود تھے۔

متعلقہ عنوان :

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں