کراچی میں خواتین اور نوجوانوں کا ووٹ تحریک انصاف کی جیت میں کلیدی کردار ادا کریگا،اسد عمر

تحریک انصاف، جماعت اسلامی کے مشترکہ امیدوار بلے، ترازو پر مہر لگا کر کامیاب کرائیں، رہنماء پی ٹی آئی

جمعہ 4 دسمبر 2015 20:45

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔04 دسمبر۔2015ء) پاکستان تحریک انصاف کے سینئر مرکزی رہنما و رکن قومی اسمبلی اسد عمر نے کہا ہے کہ کراچی کی عوام تبدیلی کے لئے تیار ہیں اور آج تحریک انصاف اور جماعت اسلامی کے مشترکہ امیدواروں کے انتخابی نشان بلے اور ترازو پر مہر لگا کر کامیاب کرائیں گے۔ کراچی میں خواتین اور نوجوانوں کا ووٹ تحریک انصاف کی جیت میں کلیدی کردار ادا کرے گا ۔

یہ باتیں انہوں نے کراچی کے علاقے جمشید ٹاؤن، اختر کالونی، اورنگی ٹاؤن، سائٹ ٹاؤن کے دورے کے موقع پر عوامی اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے کہیں۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ بلال غفار، ملک شہزاد اعوان، راجہ اظہر، ساجد حمید اور دیگر بھی موجود تھے۔ اسد عمر نے مزید کہا کہ اہلیان کراچی نے ہمیشہ سیاسی اور جمہوری تحریکوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا ہے۔

(جاری ہے)

کراچی کے لوگوں کا پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کلیدی کردار رہا ہے۔ بد قسمتی سے گزشتہ تین دہائیوں سے اس شہر کی وسائل پر قابض رہنے والوں اور شہر میں لسانیت کی سیاست کرنے والوں نے اس شہر کو تباہی اور بربادی کے سوا کچھ نہیں دیا ۔ کراچی کے لوگ پڑھے لکھے اور باشعور ہیں۔ کراچی کے شہری جانتے ہیں کہ ان کے اوران کے بچوں کے بہتر مستقبل کے لئے کیا بہتر ہے۔

ماضی میں اس شہر میں ادیب ، دانشور اور شعراء پیدا ہوئے ۔ ،ماضی میں اس شہر میں بھائی بھائی کا نعرہ لگتا تھا لیکن ایک سوچی سمجھی سازش کے تحت اس شہر کی جمہوریت پسند چہرے کو بگاڑ دیا ہے ، تحریک انصاف اس شہر کی رونقوں کو دوبارہ بحال کرنے اور اس شہر کو روشنیوں کا شہر بنانے کا تہیہ کر چکے ہیں اور عوام کو شہر کراچی سے خوف کی سیاست کے خاتمے کے لئے تحریک انصاف کا ساتھ دینا ہوگا۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں