کراچی ،ائیرلیگ آف پی آئی اے ایمپلائز یونین کی مجلس شوری کا ہنگامی اجلاس

پی آئی اے کی نجکاری کے حوالے سے صدارتی آرڈیننس لانے کی خبروں پر تشویش کا اظہار

جمعہ 4 دسمبر 2015 22:57

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔04 دسمبر۔2015ء) ائیرلیگ آف پی آئی اے ایمپلائز یونین (CBA)کی مجلس شوری کا ہنگامی اجلاس ائیرلیگ (CBA)سیکریٹریٹ پی آئی اے ہیڈ آفس میں ائیرلیگ کے مرکزی صدر شمیم اکمل کی صدارت میں ہوا۔ اس اجلاس میں ائیرلیگ کے تمام ممبرانِ مجلس شوری نے شرکت کی۔ اجلاس میں پی آئی اے کی نجکاری کے حوالے سے صدارتی آرڈیننس لانے کی خبروں پر تشویش کا اظہار کیا گیا۔

ائیرلیگ کے مرکزی صدر شمیم اکمل نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پی آئی اے اور پاکستان یک جان دو قالب ہیں ہم پی آئی اے کو نظریہ پاکستان کا حصہ سمجھتے ہیں پی آئی اے کی نجکاری پاکستان کی ساکھ کو نقصان پہنچانے کے مترادف ہے۔ائیرلیگ کسی صورت نجکاری کی حمایت نہیں کرے گی۔ ہمارا پی آئی اے کے محنت کشوں کے ساتھ وعدہ ہے ہم نجکاری کے خلاف اپنی بھرپور جدوجہد کریں گے اور ائیرلیگ کا ماضی اس کا گواہ ہے۔

(جاری ہے)

پی آئی اے آج جب بہتری کی جانب گامزن ہے، آپریٹنگ منافع کما رہی ہے تو یہ اس بات کی دلیل ہے کہ پی آئی اے میں پوٹینشل موجود ہے ائیرلیگ پی آئی اے کی نجکاری کی بھرپور مذمت کرتی ہے ہم ملازمین کے روزگار کے تحفظ کے لئے ہر سطح پر آواز بلند کریں گے۔ میاں نواز شریف پاکستان کو ٹھیک کرنے آئے ہیں، ان کی قیادت میں پاکستان کی معیشت ٹھیک ہو رہی ہے ۔

ملک میں امن ا امان قائم ہو رہاہے وہ کیسے پی آئی اے کی نجکاری کرسکتے ہیں؟ وزیر مملکت برائے نجکاری کو آج تک توفیق نہیں ہوئی کہ وہ پی آئی اے کے معاملات میں پی آئی اے کے اسٹیک ہولڈرز کو بلا کر ان سے بات کریں ان کے بیانات پی آئی اے ملازمین میں انتشار اور بے چینی پیدا کرتے ہیں۔ائیر لیگ کے مرکزی سیکریٹری جنرل ناصر مہدی جنجوعہ نے کہا کہ ہم شخصیت پرستی کے قائل نہیں ، آج جس تواتر سے پرنٹ میڈیا میں پی آئی اے کی نجکاری کی خبریں آرہی ہیں یہ ایک تکلیف دہ امر ہے اور ہمیں اس پر بھرپور تشویش ہے۔

حکومت نے اگر پی آئی اے کی نجکاری کی کوشش کی تو اسے بھرپور مزاحمت کا سامنا کرنا پڑے گا اور ائیرلیگ فرنٹ پر آکر نجکاری کے خلاف جنگ لڑے گی۔پی آئی اے کے ملازمین جانتے ہیں کہ ائیرلیگ نے کبھی ان کے حقوق کا سودا نہیں کیا اور نہ ہی آئندہ ایسا ہوگا ۔ پی آئی اے کے ملازمین کی امنگوں اور خواہشوں کے مطابق ہم نجکاری کے خلاف بھرپور تحریک چلائیں گے اور پورے پاکستان میں احتجاج کا سلسلہ شروع کیا جائے گا، اس سلسلے میں پی آئی اے میں موجود تمام یونینز اور ایسوسی ایشنز کے ساتھ بھی رابطوں پر اتفاق ہوا۔

ائیرلیگ کی مجلس شوری کے تمام ممبران نے نجکاری کی خلاف پورے پاکستان میں تحریک شروع کرنے اور نجکاری کے خلاف بھرپور جدو جہد کی حمایت کی اور اس سلسلے میں تمام اقدمات کی متفقہ منظوری دی گئی۔

متعلقہ عنوان :

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں