بلدیاتی انتخابات:دنگہ فساد میں2افراد جان سے گئے،18زخمی

ہفتہ 5 دسمبر 2015 13:42

کراچی،شکرگڑھ،جھنگ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن05دسمبر۔2015ء) بلدیاتی انتخابات میں ”دنگہ فساد“ کے واقعات میں 2افراد جان سے گئے ،18 زخمی ہو گئے ، زخمیوں میں 12کارکن تحریک انصاف کے ہیں، صورتحال کو کنٹرول کرنے کیلئے پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری نے حالات پر قابو پالیا،جھنگ میں ن لیگ اور تحریک انصاف کے کارکنوں کے درمیان ہاتھا پائی ہوتے ہوتے رہ گئی۔

تفصیلات کے مطابق کے مطابق فائرنگ کا پہلا واقعہ لیاقت آباد کے سی ون ایریا میں پیش آیا جہاں نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ کی زد میں آخر 2 افراد زخمی ہوگئے جنہیں ریسکیو اہلکاروں نے فوری طور پر ہسپتال منتقل کردیا تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے۔ ایس ایس پی سینٹرل کے مطابق فائرنگ کا واقعہ ذاتی دشمنی کا نتیجہ ہے۔

(جاری ہے)

فائرنگ کا دوسرا واقعے لانڈھی میں منزل پمپ پر پیش آیا جس میں 2 افراد زخمی ہوگئے جب کہ شاہ لطیف ٹاوٴن اور شیر شاہ میں بھی نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے 2،2 افراد زخمی ہوگئے جنہیں فوری طبی امداد کے لیے قریبی اسپتال منتقل کردیا گیا۔

شکرگڑھ کی یونین کونسل 94 چک قاضیاں میں ن لیگ کے کارکنوں کی فائرنگ سے تحریک انصاف کے 12 کارکن زخمی ہوگئے۔ اس حوالے سے معلوم ہوا ہے کہ ن لیگ کے امیدوار چیئرمین نے بھی مخالف امیدوار کے حامیوں پر فائرنگ کی۔ ذرائع نے بتایا کہ یونین کونسل 94 میں پولنگ سٹیشن کھلی جگہ پر قائم تھا جہاں پر ایک سیاسی جماعت کی جانب سے جعلی ووٹ ڈالنے کا الزام عائد کیا گیا ، اس کے بعد دونوں جماعتوں کے کارکنوں میں تصادم اور ہاتھا پائی ہوگئی جس کے نتیجے میں پی ٹی آئی کے 12 کارکن زخمی ہوگئے۔

چک قاضیاں میں مسلم لیگ ن کے امیدوار برائے چیئرمین بھی مبینہ طور پر فائرنگ کرنے والوں میں شامل تھے۔ اس کے بعد پولنگ سٹیشن کو سکول کی عمارت کے اندر منتقل کر دیا گیا ، ملتان کی یونین کونسل 54 میں بھی پولنگ سٹیشن پر جھگڑے کے بعد پولنگ کا عمل روک دیا گیا ، اس پولنگ سٹیشن پر ایک جماعت کی جانب سے جعلی ووٹ ڈالنے کا الزام عائد کیا گیا جس کے بعد دونوں جماعتوں کے کارکنوں میں لڑائی ہوگئی ، اس کے بعد صورتحال کو کنٹرول کرنے کیلئے پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری طلب کر لی گئی۔ جھنگ کی یونین کونسل 19 کے وارڈ 13 میں (ن) لیگ اور پی ٹی آئی کے کارکنوں کے درمیان نعرے بازی کا سلسلہ شروع ہوا اور کام ہاتھا پائی تک پہنچ گیا ، تاہم پولیس نے بچ بچا کرالیا ۔

متعلقہ عنوان :

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں