پاکستان اسٹیل کا ملکی انجینئرنگ صنعتوں کے فروغ میں کردار نمایاں ہے، میجر جنرل (ر) ظہیر احمد خان

ڈاؤن اسٹریم انڈسٹریل اسٹیٹ پروجیکٹ میں 45 سے زائد صنعتیں کامیابی سے پُرامن صنعتی ماحول میں اپنا پیداواری عمل جاری رکھے ہوئے ہیں،چیف ایگزیکٹو پاکستان سٹیل

ہفتہ 5 دسمبر 2015 21:27

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔05 دسمبر۔2015ء) پاکستان اسٹیل کے چیف ایگزیکٹو آفیسر میجر جنرل (ریٹائرڈ) ظہیر احمد خان نے کہا ہے کہ ریاستی پالیسی کے مطابق پاکستان اسٹیل کا ملکی انجینئرنگ کی صنعتوں کے فروغ میں کردار نمایاں ہے، جس کی مثال بن قاسم ، کراچی میں واقع ڈاؤن اسٹریم انڈسٹریل اسٹیٹ پروجیکٹ میں 45 سے زائد صنعتیں کامیابی سے پُرامن صنعتی ماحول میں اپنا پیداواری عمل جاری رکھے ہوئے ہیں۔

اِن صنعتوں میں پاکستان اسٹیل کی تیار کردہ مصنوعات کا استعمال بھی کیا جاتا ہے جو خوش آئند ہے۔ اِ ن خیالات کا اظہارانہوں نے ڈاؤن اسٹریم یونٹس اینڈ انڈسٹریل پارک اونرز ویلفیئر ایسوسی ایشن کی ایک پُر وقار تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر سی ای او پاکستان اسٹیل جنرل ظہیر احمد خان نے ایسوسی ایشن کے چیئرمین اور نور انجینئرنگ سروسز(پرائیویٹ) لمیٹیڈ کے سی ای او محمد جاوید شیخ، یوسف آٹو انڈسٹریز(پرائیویٹ) لمیٹڈ کے سی ای او اشرف شیخ، لوڈز لمٹیڈ کے سی ای او منیر بانا، A-One ٹیکنس (پرائیویٹ ) لمٹیڈ کے سی ای او اطہر خان، آٹوموٹیوز اسپئر اینڈ اکسیسریز (پرائیویٹ) لمٹیڈ کے سی ای او مہدی علی رضوی، رُبا ٹیک (پرائیویٹ) لمیٹڈ کے سی ای او شارق سہیل اور Jing Kwang JAZ (پرائیویٹ ) لمیٹڈ کے سی او او شہریار قادر اور ایسوسی ایشن کے دیگر ممبران کے ہمراہ ڈاؤن اسٹریم پروجیکٹ کے مرکزی دروازے کے سامنے ایک پودا لگایا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر سی ای او پاکستان اسٹیل نے کہاکہ پاکستان اسٹیل ملک کا واحد فولاد ساز ادارہ ہے جو ملک کی انجینئرنگ کی صنعتوں کے لئے میرِ کارواں کی حیثیت رکھتا ہے۔اس تقریب میں ایسوسی ایشن کے صدر جاوید شیخ نے کہا کہ پاکستان اسٹیل کی بدولت ہی ڈاؤن اسٹریم پروجیکٹ کا قیام عمل میں آیا ہے اورانجینئرنگ کی صنعتوں کو فروغ حاصل ہوا ہے جبکہ روزگار کے بھی مواقع میسر آئے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ اس علاقے کی تمام اراضی جو بنجر، ناہموار تھی اور اس زمین پر کوئی ترقیاتی کام نہیں ہوا تھا۔ پاکستان اسٹیل نے اربوں روپے خرچ کرکے اس اراضی پر نہ صرف ترقیاتی کام مکمل کرائے بلکہ تمام سہولیات بھی بہم پہنچائی ہیں ۔ انجینئرنگ کے صنعتوں کی ترقی کے لئے پاکستان اسٹیل کی گراں قدر خدمات ہیں جو دیگر سرکاری اداروں کیلئے قابلِ تقلید مثال ہے۔

واضح رہے کہ ڈاؤن اسٹریم پروجیکٹ کی ترقی اور توسیع کے لئے پاکستان اسٹیل نے باقاعدہ منظوری کے بعد 1420 ایکڑ مختص کی گئی اراضی میں 45 ذیلی صنعتوں کو قواعد و ضوابط کے مطابق لیز پر زمین دی ہے ، جبکہ 930 ایکڑ اراضی پر مشتمل ”نیشنل انڈسٹریل پارک مینجمنٹ اینڈ ڈیویلپمنٹ کمپنی“، جو کہ وزارتِ صنعت و پیداوار کے ذیلی ادارے کے طور پر سال2007 ء میں حوالے کی گئی ہے ، جہاں پر ترقیاتی اور تعمیراتی کام اب بھی جاری ہیں جس سے مقامی اور غیر ملکی سرمایہ کاری میں نہ صرف اضافہ ہوگا بلکہ اس علاقے میں روزگار کے نئے مواقع بھی میسر آئیں گے۔

اس موقع پر پاکستان اسٹیل کے اے پی ای او(ٹیکنیکل سروسز) کیپٹن(ر) شمسی حسن ، کارپوریٹ سیکریٹری انجینئر غلام مصطفی، انچارج(کارپوریٹ پلاننگ) انجینئر محمد شفیق انجم اور ڈپٹی منیجر(پلاننگ) فیروز احمد بھی موجود تھے۔

متعلقہ عنوان :

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں