ائیرلیگ آف پی آئی اے ایمپلائز یونین کا پی آئی اے ہیڈ آفس میں نجکاری کے لئے بھرپور احتجاجی مظاہرہ

پیر 7 دسمبر 2015 19:00

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔07 دسمبر۔2015ء) ائیرلیگ آف پی آئی اے ایمپلائز یونین (CBA) کا پی آئی اے ہیڈ آفس میں نجکاری کے لئے بھرپور احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔جس میں پی آئی اے ملازمین نے بھرپور شرکت کی۔ ملازمین نے احتجاجی بینرز اور کتبے اٹھا رکھے تھے ۔ ملازمین نے نجکاری نا منظور ، صدراتی آرڈیننس نا منظور جیسے بھرپور نعرے بازی کی۔

ائیرلیگ کے مرکزی صدر شمیم اکمل نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور پی آئی اے لازم و ملزوم ہے۔ائیرلیگ کی وفاداری پی آئی اے اور ملازمین کے ساتھ ہے۔ ائیرلیگ کسی صورت پی آئی اے کی نجکاری قبول نہیں کرے گی ہم حکومت کے اس فیصلے کے خلاف بھرپور مزاحمت کریں گے۔ ہم صدارتی آرڈنینس کو مسترد کرتے ہیں۔پی آئی اے قومی اثاثہ ہے اور ہم ہر صورت اس کی حفاظت کریں گے۔

(جاری ہے)

کیا پاکستان کے معاملات بہتر نہیں تو کیا آئی ایم ایف کے کہنے پر پاکستان بھی بیچ دیا جائے گا؟ چند سال قبل پاکستان کی معیشت کا پہیہ جام تھا، امن و امان کی صورت حال ٹھیک نہیں تھی ، جب ہر طرف دہشت گردی اور بم دھماکے تھے کیا یہ بہانہ بنایا گیا کہ پاکستان نہیں چل سکتا تو کیا پاکستان کا بھی سودا کر دیا گیا تھا۔ نہیں ایسا نہیں تھا بلکہ حالات کو بہتر کرنے کے اقدامات کئے گئے ۔

آج کی پاکستان کی معیشت بھی ٹھیک ہو رہی امن و امان بھی بہتر ہو رہا۔ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ پی آئی اے کی نجکاری کا صدارتی آرڈیننس فوری منسوخ کیا جائے ورنہ احتجاج کی یہ لہر پورے پاکستان تک پھیلے گی۔ ہمیں بارہا حکومتی ارکان اور وزیراعظم میں نواز شریف کی طرف سے یہ یقین دہانی کروائی گئی تھی کہ پی آئی اے کی بحالی کی جائے گی نجکاری نہیں تو اچانک ایسا کیا ہو اکہ اتنی جلد بازی میں یہ آرڈیننس نکالا گیا۔

ہم پی آئی اے کے اسٹیک ہولڈرزہیں یہ فیصلہ کرنے سے قبل ملازمین کو اعتماد میں نہیں لیا گیا۔ آج جب پی آئی اے بہتر ہو رہی پی آئی اے آپریٹنگ منافع کما رہی ہے ،طیاروں کی تعداد 16 سے 38ہو چکی ہے، ایسے وقت میں پی آئی اے کی نجکاری ناقابل فہم ہے ۔ ہمیں حسن زن ہے کہ میاں نواز شریف پاکستان کو ٹھیک کرنے آئے ہیں وہ کیسے پی آئی اے کی نجکاری کر سکتے ہیں یہ چند وزرا ء جو مسلسل اس کوشش میں ہیں کہ پی آئی اے کا سودا ہوجائے پی آئی اے بک جائے یہ میاں نواز شریف کے خلاف سازش ہے اور ان کی ساکھ کو نقصان پہنچانے کے لئے ہے۔

ہم محترم قائد اور وزیر اعظم میاں نواز شریف سے اپیل کرتے ہیں کہ لاکھوں خاندانوں کا معاشی قتل عام ہونے سے بچائیں اور خدارا پی آئی اے کی نجکاری کے فیصلے کو واپس لیا جائے۔ ہم نے ہمیشہ مسلم لیگ اور میاں نواز شریف کا علم بلند کیا ہے ہماری وفاداری کو امتحان میں مت ڈالیں۔ہم پی آئی اے کی بحالی اور ملازمین کے روزگار کا تحفظ چاہتے ہیں۔اس احتجاجی دھرنے میں یونائیٹڈ ورکرز، یونائیٹد ٓفیسرز فورم، سیپ ، اٹاپ، اسکائی ویز ، فرینڈ زآف الائنس ، ساسا ، انصاف فرنٹ و دیگر یونین اور ایسوسی ایشنز نے بھی بھرپور شرکت کی۔

متعلقہ عنوان :

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں