وزیر داخلہ چوہدری نثار نے کراچی میں شہریوں کو شناختی کارڈ اور پاسپورٹ کے حصول میں مشکلات کانوٹس لے لیا

وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار کی نادرا، پاسپورٹ اور ایف آئی اے کے اعلیٰ حکام سے میٹنگ کے دوران ہدایت

پیر 7 دسمبر 2015 22:25

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔07 دسمبر۔2015ء) وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار نے کراچی میں شہریوں کو شناختی کارڈ اور پاسپورٹ کے حصول میں مشکلات کانوٹس لیتے ہوئے متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ کراچی کے عوام کو شناختی کارڈ اور پاسپورٹ کے حصول میں حائل دشواریوں کو دور اور جنوری 2016سے پاسپورٹ کی ہوم ڈیلیوری سروس اور موبائل پے منٹ کے اجراء کو یقینی بنایا جائے جائے اور عوام کو لمبی لائنوں کی زحمت سے بچانے کیلئے اگلے ہفتے سے کراچی میں واقع نیشنل بنک کی تمام برانچوں سے پاسپورٹ فیس کی وصولی کو یقینی بنانے کیلئے اقدامات کیے جائیں ۔

پیر کو وزیر داخلہ چوہدری نثار نے کراچی میں وزارتِ داخلہ کے ذیلی اداروں نادرا، پاسپورٹ اور ایف آئی اے کے اعلیٰ حکام سے میٹنگ کی جس میں چیئر مین نادرا، ڈی جی پاسپورٹ، ڈائریکٹر ایف آئی اے سندھ سمیت متعدد اعلیٰ افسران نے شرکت کی ۔

(جاری ہے)

وزیر داخلہ نے ہدایت کی کہ کراچی کے عوام کو شناختی کارڈ اور پاسپورٹ کے حصول میں حائل دشواریوں کو دور کیا جائے، عوام کو لمبی لائنوں کی زحمت سے بچانے کیلئے اگلے ہفتے سے کراچی میں واقع نیشنل بنک کی تمام برانچوں سے پاسپورٹ فیس کی وصولی کو یقینی بنایا جائے۔

وزیرداخلہ نے کہاکہ جنوری 2016سے کراچی میں پاسپورٹ کی ہوم ڈیلیوری سروس اور موبائل پے منٹ کے اجراء کو یقینی بنایا جائے۔ اور جنوری میں پہلے نادرا میگا سنٹر اور مئی تک تین مزید میگا سنٹر ز کے قیام کو یقینی بنایا جائے تاکہ عوام کی بڑی تعداد ان جدید سنٹرز میں مہیا کی گئی سہولتوں سے مستفید ہو سکے۔چوہدری نثار نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ پاسپورٹ اور نادرا کراچی میں واقع اپنے تمام دفاتر کے باہر عوام کی سہولت کیلئے اہلکار تعینات کریں تاکہ جہاں وہ عوام کی رہنمائی کر سکیں وہاں ان کو ایجنٹ مافیا سے بھی نجات دلائیں۔ ایف آئی اے کراچی میں نادرا اور پاسپورٹ کے دفاتر کے باہر ایجنٹ مافیا کے خلاف مربوط اور مضبوط لائحہ عمل کے تحت کاروائی کرے۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں