کھاد بنانے والی کمپنیاں کسان پیکج پر عملدرآمد کیلئے پرعزم

منگل 8 دسمبر 2015 20:20

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔08 دسمبر۔2015ء) فرٹیلائزرمینوفیکچررزآف پاکستان ایڈوائزری کونسل(FMPAC) وزیراعظم کسان پیکج میں اعلان کردہ تمام فوائد کسانوں کو فراہم کرنے کیلئے تمام کوششیں بروئے کار لارہی ہے،اس سلسلے میں ایک اعلیٰ سطح کا اجلاس تنظیم کے چیئرمین لیفٹیننٹ جنرل شفقت کی زیرصدارت منعقد ہواجو ایف ایف سی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر بھی ہیں،فورم نے کسان پیکج پر پیش رفت کا جائزہ لیا،اجلاس کے دوران اس بات کو نوٹ کیا گیا کہ کھاد بنانے والی کمپنیاں کسان پیکج کو کامیاب بنانے کیلئے مکمل طور پر تیار ہیں،چونکہ کسان پیکج میں پوٹاشیم اور نائٹریٹ کھاد کی قیمتوں میں فی بیگ 500روپے کمی کیلئے 20 بلین روپے کی رقم شامل ہے اس لئے تمام پیداواری یونٹ رعایتی نرخوں پر کھاد کی مسلسل فراہمی کیلئے پر عزم ہیں،تنظیم کے رہنماؤں اور ماہرین نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ کھادکے ذخائر کو کسان کی دہلیز پر بروقت پہنچایا جائے گا تاکہ زیادہ اور معیاری پیداوار ممکن بنائی جاسکے۔

(جاری ہے)

تنظیم نے وزارت غذائی تحفظ اور ایف بی آر سے درخواست کی کہ کھاد پر سبسڈی کا عمل آسان بنایا جائے جیسا کہ کسان پیکج میں کہا گیا ہے،تنظیم نے ریگولیٹری اتھارٹی سے بھی درخواست کی کہ تصدیقی عمل کو بروقت مکمل کرکے سبسڈی کلیم جلد ادا کئے جائیں، واضح رہے کہ کئی فرٹیلائزر کمپنیاں اپنے سبسڈی کلیم داخل کرکے منظوری کے انتظار میں ہیں، تنظیم کے چیئرمین لیفٹیننٹ جنرل شفقت نے کہا کہ ’’چونکہ تنظیم کا بنیاد ی مقصدزرعی شعبہ کی مضبوطی اور کسانوں کی پیداوار میں اضافہ کرنا ہے اس لئے فرٹیلائزرشعبہ نے اس عہد کا اظہار کیا ہے کہ وہ قومی غذائی تحفظ یقینی بنانے کیلئے تمام کوششیں بروئے کار لائے گا کیونکہ مضبوط زرعی شعبہ ملک کی مجموعی خوشحالی میں اہم کردار ادا کرسکتا ہے‘‘۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں