سیالکوٹ گجرات اورگجرانوالہ کے چیمبروں نے بزنس مین پینل کی حمایت سے انکار کر دیا

منگل 8 دسمبر 2015 20:39

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔08 دسمبر۔2015ء)سیالکوٹ گجرات اورگجرانوالہ کے چیمبروں نے بزنس مین پینل کی حمایت سے انکار کرتے ہوئے انھیں انتخابات سے دستبرداری کا مشورہ دیا ہے۔تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز بزنس مین پینل کے رہنماؤں نے سیالکوٹ چیمبر کے گروپ لیڈرریاض الدین شیخ سے رابطہ کر کے کاروباری برادری سے ملاقات کی خواہش کا اظہار کیا اور اجازت ملنے پر سیالکوٹ چیمبر پہنچ گئے جہاں گجرات اورگجرانوالہ چیمبروں کے صدور ، رہنما اور ممبران کے علاوہ چھ تجارتی تنظیموں کے رہنما بھی موجود تھے۔

بزنس مین پینل کے صدارتی امیدوار حاجی غلام علی، ترجمان مرزا عبدالرحمان اور دیگر قائدین نے اپنی تقریروں میں یونائیٹڈ بزنس گروپ (یو بی جی) اور ایف پی سی سی آئی کے رہنماؤں اعتراضات اٹھائے اور اپنے پینل کو ملک بھر کی کاروباری برادری کا حقیقی نمائندہ بناتے ہوئے الیکشن کیلئے ووٹ مانگے۔

(جاری ہے)

اسکے بعد اپنی تقریر میں سیالکوٹ چیمبر کے گروپ لیڈرریاض الدین شیخ نے کہا کہ بزنس مین پینل کیلئے تینوں چیمبروں اور تمام تجارتی تنظیموں کے دروازے کھلے ہیں تاہم انھیں ووٹ نہیں ملے گا۔

انھوں نے کہا کہ وہ یو بی جی کے فاؤنڈر ممبران میں سے ہیں اور وہ اپنے ہی خلاف کیسے جا سکتے ہیں۔ بزنس مین پینل اپنی کارکردگی دکھانے اور منشور پیش کرنے کے بجائے ایک شخصیت کو ٹارگٹ کر رہا ہے جس سے اسکی اپنی ساکھ کو نقصان پہنچا ہے۔ انھوں نے بزنس مین پینل کے صدارتی امیدوار کو مشورہ دیا کہ صوبہ خیبر پختونخواہ جا کر عوام کی خدمت کریں کیونکہ ٹریڈ پالیٹکس میں انکا کوئی مستقبل نہیں۔اگر بزنس مین پینل الیکشن سے دست بردار ہو جائے تو یہ اسکے اپنے مفاد میں ہو گا۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں