پیپلزپارٹی بلا تفریق ہر ایک کے انسانی حقوق کے تحفظ کیلئے پرعزم اور مخلص ہے،بلاول بھٹو زرداری

پارٹی کے جنم سے ہی قیادت سے لیکر کارکنان تک انسانی حقوق کیلئے ہمارے عزم کو کوئی ہلا نہیں سکا،چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی

جمعرات 10 دسمبر 2015 19:10

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔10 دسمبر۔2015ء) پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی بلا تفریق ہر ایک کے انسانی حقوق کے تحفظ کے لیے پرعزم اور مخلص ہے اور بنیادی انسانی حقوق کی بالادستی کے لیے جدوجہد ہمیشہ جاری رہے گی۔انسانی حقوق کے عالمی دن کے موقع پرپیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے پوری دنیا میں منائے جانے والے دن کے حوالے سے مقررہ عنوان ’’ ہمارے حقوق، ہماری آزادیاں، ہمیشہ‘‘ کی بھرپور حمایت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی نے لوگوں کے بنیادی انسانی حقوق کے لیے ہمیشہ آواز بلند کی اور جدوجہد کی ہے۔

پارٹی کے جنم سے ہی قیادت سے لیکر کارکنان تک، انسانی حقوق کے لیے ہمارے عزم کو کوئی بھی ہلا نہیں سکاہے۔

(جاری ہے)

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ملک کی آزادی کے بعد بیشتر عرصہ آمریتوں نے اس ملک کے عوام کے انسانی حقوق کی پامالی کی ، انہیں کوڑے مارے گئے، جیلوں میں بند کیا گیا ، جلاوطنی پر مجبور کیا گیا لیکن پاکستان پیپلزپارٹی نے ہمیشہ ہر قسم کی انسانی حقوق کی پائمالی کے خلاف جنگ کی ہے۔

اس جنگ میں ہزاروں کارکنان نے اپنی جانوں کا نذرانہ دیا۔ ملک کے پہلے منتخب وزیراعظم شہید ذوالفقار علی بھٹو اور اسلامی دنیا کی پہلی عورت وزیراعظم شہید محترمہ بینظیر بھٹو نے بھی ملک میں جمہوریت اور انسانی حقوق کی بحالی کے لیے اپنی جانیں قربان کیں، پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان اور پوری دنیا میں انسانی حقوق کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں