کراچی، لاڑکانہ، قمبر شہدادپور، مورو سمیت دیگر اضلاع میں صفائی اور فائربریگیڈ کی خراب گاڑیوں کی مرمت کرائی جائے ،جام خان شورو

مشینری کی مرمت اور صفائی اور آگ بجھانے کے لئے گاڑیوں اور آلات کی خریداری کے لئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کئے جائیں، وزیر بلدیات سندھ کی ہدایت

جمعرات 10 دسمبر 2015 19:13

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔10 دسمبر۔2015ء) وزیر بلدیات سندھ جام خان شورو نے کراچی، لاڑکانہ، قمبر شہدادپور، مورو سمیت دیگر اضلاع میں صفائی اور فائربریگیڈ کی خراب گاڑیوں کی فوری مرمت کرانے اور اندرون سندھ میں فوری طور پر شجر کاری مہم کا آغاز کرنے کی ہدایات جاری کردی ہیں۔ صوبائی وزیر نے بارشوں سے پہلے کراچی کے نالوں بالخصوص گجر نالے اور محمود آباد نالے کی صفائی کے بھی احکامات جاری کئے ہیں اور تمام ڈسٹرکٹ کی انتظامیہ کو متنبہ کیا ہے کہ ان ہدایات پر فوری عمل درآمد کیا جائے۔

انہوں نے اندرون سندھ کے مختلف اضلاع کے ٹاؤن میونسپل آفیسرز اور دیگر افسران سے ویڈیو لنک کے ذریعے بات چیت کرتے ہوئے انہیں ہدایات جاری کی ہیں کہ جہاں ضرورت ہوں وہاں مشینری کی مرمت اور صفائی اور آگ بجھانے کے لئے گاڑیوں اور آلات کی خریداری کے لئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کئے جائیں اور فوری طور پر این آئی ٹی کرکے ان کی خریداری اور درستگی کو یقینی بنایا جائے۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر جام خان شورو نے گذشتہ روز میوہ شاہ اور بیت المکرم کے قریب کے ایم سی کے ورکشاپ کا اچانک دورہ کیا اور وہاں موجود خراب گاڑیوں کی حالت زار پر شدید برہمی کا اظہار کیا۔ اس موقع پرسیکرٹری بلدیات عمران عطا سومرو، ایڈمنسٹریٹر کراچی سجاد عباسی، میونسپل کمشنر سمیع صدیقی، سنئیر ڈائریکٹر میونسپل سروسز مسعود عالم اور تمام ڈسٹرکٹ کے ایڈمنسٹریٹرز اور میونسپل کمشنرز بھی موجود تھے۔

صوبائی وزیر نے خراب مشینری کو کھلے آسمان تلے رکھے جانے پر بھی شدید برہمی کا اظہار کیا اور تمام متعلقہ افسران کو سختی سے ہدایات جاری کی کہ جو مشنری فوری طور پر درستگی کے بعد قابل استعمال ہیں انہیں درست کرایا جائے اور تمام مشینری کی رپورٹ آئندہ 48 گھنٹوں میں انہیں فراہم کی جائیں۔ انہوں نے ایڈمنسٹریٹر کراچی کو بھی ہدایات جاری کی کہ تمام خراب مشینری کی فوری مرمت کے لئے اقدامات کرکے انہیں سڑکوں پر لایا جائے۔

انہوں نے کہا کہ تمام مشینری جو قابل مرمت ہیں ان کو مرمت کرکے تمام اضلاع کے سپرد کی جائیں تاکہ وہ ان کو صفائی ستھرائی کے بہتر انتظامات کے لئے استعمال کرسکیں۔ صوبائی وزیر نے فائر بریگئڈ کی خراب گاڑیوں اور آگ کی صورت میں استعمال ہونے والی دیگر مشیری کو بھی فوری طور پرقابل استعمال بنانے کی ہدایات جاری کی۔ صوبائی وزیر جام خان شورو نے گجر نالے اور محمود آباد کا بھی دورہ کیا اور وہاں صفائی ستھرائی اور نالے میں قائم تجاوزات اور وہاں صفائی کے فقدان پر بھی شدید برہمی کا اظہار کیا۔

انہو ں نے سیکرٹری بلدیات اور ایڈمنسٹریٹر کراچی کو ہدایات جاری کی کہ شہر میں قائم تمام چھوٹے اور بڑے نالوں کی فوری طور پر صفائی کے لئے ہنگامی بنیادوں پر کام شروع کیا جائے اور بارشوں سے قبل ان تمام نالوں کی صفائی کا کام مکمل کرلیا جائے۔ بعد ازاں صوبائی وزیر جام خان شورو نے ویڈیو لنک کے ذریعے مورو، قمبر شہداد پور اور لاڑکانہ سمیت دیگر اضلاع کے ٹی ایم اوز اور دیگر متعلقہ افسران سے رابطہ کیا اور ان سے ان کے اضلاع کے حوالے سے مکمل رپورٹ طلب کی۔

اس موقع پر انہوں نے تینوں اضلاع کے ٹی ایم اوز کو ہدایات جاری کی کہ وہ اپنے اپنے اضلاع میں موجود خراب تمام مشینری کو فوری طور پر درست کرائیں اور اس حوالے سے ضرورت پڑنے پر ایم آئی ٹی کرکے نئی صفائی اور فائر بریگئیڈ کی گاڑیوں اور دیگر مشینری کے ٹینڈرز کریں۔ انہوں نے اندرون سندھ تمام اضلاع میں فوری طور پر شجر کاری مہم کے آغاز کا اعلان کیا اور تمام اضلاع کے ٹی ایم اوز کو ویڈیو لنک کے ذریعے ہدایات دی کہ وہ اپنے اپنے اضلاع میں پہلے مرحلے میں 5 ہزار پودے لگانے کا آغاز کریں۔ صوبائی وزیر نے سکھر میں ویڈیو لنک کے ذریعے بھی وہاں کے افسران سے رابطہ کیا اور انہیں بھی صفائی ستھرائی کے حوالے سے فوری اقدامات کی ہدایات جاری کی۔

متعلقہ عنوان :

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں