پیپلزپارٹی کے انسانی حقوق سیل کے تحت کراچی پریس کلب کے باہر مظاہرہ

پیپلزپارٹی نے اپنے ہر دور حکومت میں انسانی حقوق کے قوانین پر عملدرآمد کے لیے کام کیا ہے،ڈاکٹرنفیسہ شاہ کا خطاب

جمعرات 10 دسمبر 2015 22:03

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔10 دسمبر۔2015ء) پاکستان پیپلزپارٹی کے انسانی حقوق سیل کے تحت جمعرات کو کراچی پریس کلب کے باہر انسانی حقوق کے حوالے سے مظاہرہ کیا گیا ۔مظاہرے میں خواتین کی بڑی تعداد موجود تھی ۔مظاہرے کی قیادت رکن قومی اسمبلی ڈاکٹرنفیسہ شاہ نے کی ۔جبکہ مظاہرے میں روما مٹو ،فیصل شیخ اور دیگر بھی موجود تھے ۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹرنفیسہ شاہ نے کہا کہ ریاست کی ذمہ داری ہے کہ وہ ہر شہری کو اس کے حقوق فراہم کرے ۔پیپلزپارٹی نے اپنے ہر دور حکومت میں انسانی حقوق کے قوانین پر عملدرآمد کے لیے کام کیا ہے ۔خواتین کو ان کے بنیادی حقوق دیئے گئے اور ان کو معاشی تحفظ فراہم کرنے کے لیے بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام شروع کیا گیا ۔انہوں نے کہا کہ ملک کے کسی بھی حصے میں انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہوگی تو پیپلزپارٹی مظلوموں کے ساتھ ہوگی اور ہم آئین و قانون کے دائرہ کار میں رہتے ہوئے اس حوالے سے جدوجہد کریں گے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ جب معاشرے میں قانون کی عملداری ہوگی تو شہریوں کو ان کے حقوق ملیں گے ۔انہوں نے کہا کہ انسانی حقوق کے قوانین پر عملدرآمد ضروری ہے ۔ریاست کی ذمہ داری ہے کہ انسانی حقوق کی خلاف ورزی کرنے والوں کو قانون کے شکنجہ میں لائے ۔انہوں نے کہا کہ انسانی حقوق کے عالمی دن پر ہم یہ عہد کرتے ہیں کہ ہم تمام مظلوم طبقوں کے ان کے حقوق دلانے کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے ۔انہوں نے کہا کہ انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو روکنے کے لیے تمام پارلیمانی جماعتوں اور سول سوسائٹی کو مل کر کام کرنا ہوگا ۔

متعلقہ عنوان :

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں