پیپلز پارٹی کے گرفتار رہنما ڈاکٹر عاصم حسین کی پولیس تفتیش مکمل ہونے کے بعد شخصی ضمانت پر رہائی کا امکان

ڈاکٹر عاصم کو منی لانڈرنگ اور دہشتگردوں کو علاج کی سہولت فراہم کرنے سمیت دیگر الزامات کا سامناہے

جمعرات 10 دسمبر 2015 23:06

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔10 دسمبر۔2015ء) پاکستان پیپلز پارٹی کے گرفتار رہنما ڈاکٹر عاصم حسین سے پولیس کی تفتیش مکمل ہونے کے بعد انہیں شخصی ضمانت پر رہائی ملنے کا امکان ہے۔ نیب میں ڈاکٹر عاصم کے خلا ف منی لانڈرنگ اور دیگر الزا مات میں مقدمات درج ہیں ‘ ڈاکٹر عاصم پر دہشت گردوں کو علاج کی سہولت فراہم کرنے کا الزام بھی ہے۔

جمعرات کو نجی ٹی وی چینل کی رپورٹ میں دعویٰ کیاگیا کہ ڈاکٹر عاصم حسین کو شخصی ضمانت پر رہائی ملنے کا امکان ہے۔ پولیس ڈاکٹر عاصم کو نیب کے حوالے کر دے گی۔ رپورٹ کے مطابق ڈاکٹر عاصم کے کیس سے دہشت گردی کی دفعات ہٹانے کا فیصلہ کرلیا گیا ہے۔ ڈاکٹر عاصم کو پولیس سے رہائی ملنے کے بعد نیب کی حراست میں رکھا جائیگا ۔ رپورٹ میں یہ بھی دعویٰ کیاگیا ہے کہ ڈاکٹر عاصم پر دہشت گردوں کو علاج کی سہولت فراہم کرنے کا الزام بھی تھا جو ثابت نہ ہو سکا۔

(جاری ہے)

پولیس تفتیش میں ٹھوس شہادت سامنے نہ آنے پر ڈاکٹر عاصم کی ضمانت منظور ہونے کا امکان ہے۔ ڈاکٹر عاصم کے خلاف نارتھ ناظم آباد پولیس اسٹیشن کراچی میں مقدمہ درج کیا گیا تھا جبکہ نجی ٹی وی کے مطابق ذرائع نیب کا کہنا ہے کہ ڈاکٹر عاصم کے حوالے سے کوئی ٹیم تھانے نہیں گئی او رنہ ہی ڈاکٹر عاصم کے حوالے سے ہمیں کچھ بتایا گیا ہے۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں