اے این ایف نے کالجز اور یونیورسٹیز میں چرس سپلائی کرنے کا منصوبہ ناکام بنادیا

حب روڈ پر دوران تلاشی ایک ٹرک سے ایک ہزار کلوگرام چرس برآمد،ملزم گرفتار ،تفتیش کا آغاز کردیا گیا

جمعہ 11 دسمبر 2015 17:55

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔11 دسمبر۔2015ء)اینٹی نارکوٹکس فورس(اے این ایف) نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے کالجز اور یونیورسٹیز میں چرس سپلائی کرنے کا منصوبہ ناکام بنادیاہے۔تفصیلات کے مطابق اینٹی نارکوٹکس فورس نے حب روڈ پر دوران تلاشی ایک ٹرک سے ایک ہزار کلوگرام چرس برآمد کرلی جب کہ تلاشی کے دوران ٹرک ڈرائیور نے فرار ہونے کی کوشش کی جس پر اسے گرفتار کرلیا گیا۔

(جاری ہے)

ملزم سے ابتدائی پوچھ گچھ کے دوران ڈرائیور نے اعتراف کیا کہ چرس شہر کے مختلف علاقوں سمیت کالجوں اور یونیورسٹیز میں سپلائی کی جانی تھی جس کے بعد اے این ایف نے مزید تفتیش شروع کردی ہے۔اینٹی نارکوٹکس فورس کی جانب سے گزشتہ ماہ نومبر میں تین بڑی کارروائیاں کی گئیں تھیں جس کے دوران سیکڑوں کلو گرام چرس اور دیگر منشیات برآمد کی گئی جب کہ رواں ماہ یہ پہلی بڑی کارروائی ہے جس کے دوران تعلیمی اداروں میں منشیات کی فراہمی کا انکشاف ہوا ہے۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں