کراچی میں میں قیام امن کے لیے رینجرز کو اختیارات دینا ضروری ہے،عمران اسماعیل

اگر حکومت سندھ نے اختیارات نہ دئیے تو پی ٹی آئی سندھ اسمبلی سمیت کراچی کی شاہراؤں پر احتجاج کرے گی ،پریس کانفرنس سے خطاب

اتوار 13 دسمبر 2015 22:14

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔13 دسمبر۔2015ء) پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنماء عمران اسماعیل نے کہا ہے کہ کراچی میں میں قیام امن کے لیے رینجرز کو اختیارات دینا ضروری ہے۔ اگر حکومت سندھ نے اختیارات نہ دئیے تو پی ٹی آئی سندھ اسمبلی سمیت کراچی کی شاہراؤں پر احتجاج کرے گی اور اس حوالے سے پہلا احتجاجی مظاہرہ آج (پیر) کو اسٹار گیٹ شاہراہ فیصل پر کیا جائے گا اور احتجاج کاسلسلہ صوبے بھرمیں وسیع کردیا جائے گا ۔

ان خیالات کا اظہار انھوں نے اتوار کو پی ٹی آئی کے رہنماء فیصل واڈا کی رہائش گاہ پرپریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ عمران اسماعیل نے کہا کہ کراچی آپریشن کے دوران رینجرزکی کارروائیوں سے امن قائم ہوا ہے اور شہر کی رونقیں بحال ہوگئیں ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ رینجرز کے اختیارات کے معاملے پر سندھ حکومت ٹال مٹول سے کام لے رہی ہے۔ رینجرز کی کرپشن کے خلاف کارروائی کا براہ راست اثر پی پیپلزپارٹی کی قیادت پر پڑرہا ہے۔

پیپلز پارٹی کی سندھ حکومت اپنی کرپشن ونااہلی کو چھپانے کے لیے رینجرز کو اختیارات نہیں دے رہی ہے اور کراچی آپریشن کومنتازعہ بنانے کی کوشش کررہی ہے لیکن اب واضح کردینا چاہتے ہیں کہ یہ چوہے بلی کا کھیل ختم ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ کراچی کے عوام رینجر ز کو اپنی بقا کا ضامن سمجھتے ہیں۔ رینجرز نے کراچی میں امن کے قیام کے لئے بیش بہا قربانیاں دی ہیں۔

بلدیاتی انتخابات کے پر امن انعقاد کا سہرا بھی رینجرز کوجاتا ہے ۔کراچی میں امن نہیں ہوگا تو اس اس کا نقصان جمہوریت اور ملک کو ہوگا۔ انھوں نے کہا کہ رینجرز کو پر کٹے کبوتر کی طرح نہیں دیکھنا چاہتے ہیں۔ سندھ حکومت نے اگررینجرز کے اختیارات میں اضافہ نہیں کیا تو اسمبلی میں احتجاج کریں گے اور رینجرز کے اختیارات میں اضافہ ہونے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے ۔اس موقع پر فیصل واڈا نے کہا کہ رینجرز شہر میں امن لے کر آئی ہے۔ اختیارات میں توسیع نہ کی گئی تو پھر عوام کے ساتھ مل کر احتجاج کریں گے۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں