کیڈٹ کالج پٹارو میں 54 واں یوم والدین کا انعقاد

پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل محمد ذکاء اللہ کی بحیثیت مہمان خصوصی شرکت

اتوار 13 دسمبر 2015 22:44

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔13دسمبر۔2015ء) کیڈٹ کالج پٹارو میں اتوار کو 54 واں یوم والدین منایا گیا۔ پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل محمد ذکاء اللہ تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔ انہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ کیڈٹ کالج پٹارو کا نظم و ضبط، نصابی و غیر نصابی سرگرمیاں اور ترقیاتی کام قابل تعریف ہیں۔ جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق اس موقع پر مہمان خصوصی نے ایوارڈز جیتنے والوں میں انعامات تقسیم کئے۔

ایوب ہاؤس کو چمپیئن ہاؤس قرار دیا گیا جبکہ لطیف ہاؤس دوئم رہا۔ لیاقت ہاؤس کے سابق کیڈٹ زین اقبال کو اسٹک آف آنر، ایوب ہاؤس کے سابق کیڈٹ ابرار سعید کو بہترین اپائنمنٹ ہولڈر، شہباز ہاؤس کے سابق کیڈٹ احسن کو بہترین اسپورٹس مین اور سچل ہاؤس کے کیڈٹ ارحم کو بیج آف آنر کے انعامات دیئے گئے۔

(جاری ہے)

اس کے علاوہ الیکٹریسٹی ڈپارٹمنٹ کے وائر مین سبحان، رائیڈنگ کے انچارج دفعدار ملک محمد ممتاز، پیٹی آفیسر طاہر مسعود کو بہترین ملٹری ٹریننگ، اسسٹنٹ پروفیسر پرویز احمد کو بہترین استاد، لیاقت ہاؤس کے ہاؤس ماسٹر آصف مقبول کو بہترین ہاؤس ماسٹر، انچارج کیمبرج سسٹم احسان علی شاہ کو بہترین آفیسر کے انعامات دیئے گئے۔

قبل ازیں کمانڈنٹ اور پرنسپل کموڈور محبوب الٰہی ملک نے مہمانِ خصوصی کا استقبال کیا اور کالج کی سالانہ رپورٹ پیش کی۔ اپنے خطاب میں پرنسپل نے طالبِ علموں کی نصابی و غیر نصابی سرگرمیوں اور کالج میں مکمل اور جاری ترقیاتی کاموں پر روشنی ڈالی۔ یومِ والدین کی تقریب کے دوران طالبِ علموں نے مارچ پاسٹ، پی ٹی شو، جمناسٹک، کراٹے شو اور گھڑ سواری کا متاثر کُن مظاہرہ پیش کیا۔ اِس کے ساتھ ساتھ ثقافتی اور کیڈٹس کے اپنے ہاتھ سے بنائی گئی مختلف اشیاء کی نمائش بھی کی گئی۔ آخر میں مہمانِ خصوصی نے طلبہ کی سرگرمیوں پر مشتمل کلب کا بھی دورہ کیا۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں