صوبہ بھر کی طرح شہر قائد میں بھی سندھی ثقافت کا دن منایا گیا

اتوار 13 دسمبر 2015 22:55

کراچی۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔13دسمبر۔2015ء) صوبہ بھر کی طرح شہر قائد میں بھی سندھ کی ثقافت کو اجاگرکرنے کے لئے اتوار کو سندھی ٹوپی و اجرک ڈے منایا گیا۔ یوم ثقافت کے حوالے سے کراچی میں مختلف تقاریب کا انعقاد کیا گیا۔ اس حوالے سے لوگوں نے سندھ کی تہذیب سے محبت کے اظہار اور سندھی ثقافت کو اجاگر کرنے کے لئے سندھی ٹوپی اور اجرک پہنے ہوئے تھے۔

ثقافت ڈے کے موقع پر خواتین اور بچوں نے بھی بھرپور حصہ لیا۔

(جاری ہے)

اس سلسلے میں شہر کے مختلف علاقوں سے ریلیاں نکالی گئیں جو اتوار کی شام تک کراچی پریس کلب کے سامنے مرکزی ثقافتی تقریب میں شامل ہو گئیں۔ اس موقع پر سندھ کے مشہور گلوکار شمن علی میرالی، وحید ہکڑو، احمد مغل اور گلوکارہ ریشماں پروین، شہنیلا علی اور دیگر نے قومی گیت پیش کر کے لوگوں سے بھرپور داد وصول کی جبکہ لوگوں نے قومی گیتوں پر رقص کر کے سندھی ثقافت سے محبت کا اظہار کیا۔ اس کے علاوہ مختلف سیاسی و سماجی تنظیموں نے اپنے اپنے علاقوں میں بھی ثقافتی دن کے حوالے سے مختلف ثقافتی پروگرامز منعقد کئے اور سندھ کی ثقافت کے حوالے سے ٹیبلوز بھی پیش کئے۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں