چار دن سے کراچی انتہائی تشویشناک صورت حال کا شکار ہے،شہریار خان مہر

تاجر اور عوام سراپا احتجاج اور ہڑتال پر ہیں ،وزیراعلیٰ سندھ اور ان کی کابینہ سوئی ہوئی ہے،رہنما فنکشنل لیگ کی میڈیا سے گفتگو

پیر 14 دسمبر 2015 17:28

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔14 دسمبر۔2015ء) مسلم لیگ (فنکشنل) کے رہنما شہریار خان مہر نے کہا ہے کہ چار دن سے کراچی انتہائی تشویشناک صورت حال کا شکار ہے ۔تاجر اور عوام سراپا احتجاج اور ہڑتال پر ہیں ۔وزیراعلیٰ سندھ اور ان کی کابینہ سوئی ہوئی ہے ۔یہ بات انہوں نے پیر کو سندھ اسمبلی کے اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی ۔

شہریار خان مہر نے کہا کہ سندھ اسمبلی میں رینجرز کے اختیارات میں تعیناتی میں توثیق کا معاملہ بعد کا ہے ۔اس سے پہلے انتظامی حکم نامے کے ذریعہ حکومت نے رینجرز کے قیام اور اختیارات میں توسیع کرنی ہے ۔ہم وزیراعلیٰ سندھ سے مطالبہ کررہے تھے کہ حکومت پہلے انتظامی حکم نامہ جاری کرے اور پھر اسمبلی سے اس کی توثیق حاصل کرے ۔

(جاری ہے)

پیر کو ہم نے اجلاس کے دوران احتجاج اس لیے کیا کہ ہم وزیراعلیٰ سندھ سے یقین دہانی چاہتے تھے کہ وہ شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے رینجرز کے اختیارات اور قیام میں غیر مشروط طورپر توسیع کریں گے ۔

لیکن جانبدار اسپیکر نے یہ موقع فراہم کرنے کی بجائے اجلاس ملتوی کردیا ۔انہون نے کہا کہ رینجرز کے اختیارات کی مدت ختم ہونے کی وجہ سے شہری تشویشناک حالت میں مبتلا ہیں اور تاجر اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے لوگ سراپااحتجاج ہیں ۔دوسری جانب ہمارے ہمارے وزیراعلیٰ اور ان کی کابینہ سوئی ہوئی ہے ۔ان کو سندھ سے کوئی دلچسپی نہیں وہ اپنے لوگوں کو بچانا چاہتے ہیں ۔حکومت نے رینجرز کے قیام اور اختیارات میں کوئی شرط یا رکاوٹ ڈالنے کی کوشش کی تو اپوزیشن سخت احتجاج کرے گی ۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں