نجکاری سے قبل قومی ایئرلائن پی آئی اے کے 8 ہزار ملازمین کو فارغ کرنے کا فیصلہ کر لیاگیا

پائلٹس کو بھی مستقل ملازمت سے فارغ کرکے کنٹریکٹ پر تعینات کیا جائیگا،خلیجی ملک کی ایئرلائن نے پی آئی اے کے سامنے کئی شرائط رکھ دیں، ذرائع

پیر 14 دسمبر 2015 17:55

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔14 دسمبر۔2015ء) نجکاری سے قبل قومی ایئرلائن پی آئی اے کے 8 ہزار ملازمین کو فارغ کرنے کا فیصلہ کر لیاگیاہے جبکہ پائلٹس کو بھی مستقل ملازمت سے فارغ کرکے کنٹریکٹ پر تعینات کیا جائے گا۔ خلیجی ملک کی ایئرلائن نے پی آئی اے کے سامنے کئی شرائط رکھ دی ہیں۔تفصیلات کے مطابق پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن کی نجکاری سے قبل اضافی ملازمین کی چھٹی جبکہ تمام پائلٹس کو بھی مستقل ملازمت کی بجائے کنٹریکٹ پر تعینات کیا جائے گا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پی آئی اے کی نجکاری سے قبل خلیجی ملک کی ایئرلائن نے پی آئی اے کے 26 فیصد حصص کی خریداری میں دلچسپی ظاہر کی ہے تاہم اس سے قبل کئی شرائط بھی سامنے رکھی ہیں۔خلیجی ملک کی ایئرلائن نے 8ہزار ملازمین کو قومی ایئرلائن پر بوجھ قرار دیتے ہوئے انہیں ملازمت سے فارغ کرنے کی شرط رکھی ہے۔

(جاری ہے)

ان ملازمین کو گولڈن ہینڈ شیک کے ذریعے گھر بھیجا جائے گا۔

پی آئی اے کے پائلٹس کو مستقل ملازمت کی بجائے کنٹریکٹ پر تعینات کیا جائے گا اور مستقبل میں کوئی بھی پائلٹ مستقل ملازمت پر تعینات نہیں کیا جائے گا۔نجکاری سے قبل پی آئی اے کے 777 بوئنگ جہازوں کی حالت بھی بہتر بنائی جائے گی اور ان میں وائی فائی اور دیگر سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ پی آئی اے کے بیرون ملک ہوٹلز پاکستان کی ملکیت میں رہیں گی اور ان کی نجکاری نہیں کی جائے گی۔ذرائع نے دعوی کیا ہے کہ نجکاری سے قبل پی آئی اے کو ان شرائط پر عمل کرنا ہوگا۔ شرائط پر عمل نہ کرنے کی صورت میں خلیجی ملک کی ایئرلائن پی آئی اے کے 26 فیصد حصص خریدنے سے انکار کردے گی۔

متعلقہ عنوان :

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں