کراچی میں پانی کی طلب رسد کے مقابلے دگنی ہے ، منصفانہ بنانے کے لئے اقدامات کررہے ہیں،جام خان شورو

پیر 14 دسمبر 2015 18:06

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔14 دسمبر۔2015ء) وزیر بلدیات سندھ جام خان شورو نے کہا ہے کہ اس وقت کراچی میں پانی کی طلب رسد کے مقابلے دگنی ہے اور شہر میں پانی کی تقسیم کو منصفانہ بنانے کے لئے اقدامات کررہے ہیں۔ لیاری میں پانی کی قلت کی اصل وجہ حب ڈیم سے کراچی کو روزانہ 100 ملین گیلن پانی کی فراہمی کی بندش ہے اور اس کو پورا کرنے کے لئے ہم دھابیجی پمپنگ اسٹیشن سے دستیاب 550 ملین گیلن پانی کو ان لائنوں کے ذریعے کو حب ڈیم سے منسلک ہیں پہنچانے کی کوشش کررہے ہیں۔

وہ پیر کو سندھ اسمبلی میں پاکستان تحریک انصاف کے رکن خرم شیر زمان کے توجہ دلاؤ نوٹس کا جواب دے رہے تھے۔ صوبائی وزیر بلدیات نے کہا کہ اس وقت کراچی میں پانی دو ذرائع سے دستیاب ہے، جس میں ایک ذریعہ کیھنچر جیل اور دوسرا حب ڈیم ہے۔

(جاری ہے)

کھینچھرجیل سے روزانہ 550 جبکہ حب ڈیم سے 100 ایم جی ڈی پانی دستیاب ہوتا ہے لیکن بلوچستان میں بارشیں نہ ہونے کے سبب وہاں سے پانی کی فراہمی نہ ہونے کے برابر ہے، جس کے باعث لیاری سمیت متعدد علاقوں میں حب ڈیم سے پانی کی فراہمی بند ہے۔

انہوں نے کہا کہ دھابیجی پمپنگ اسٹیشن سے 550 ایم جی ڈی پانی کی تقسیم کے نظام کو بہتر بنایا جارہا ہے اور وہاں سے لیاری سمیت ان تمام علاقوں میں جن کو حب ڈیم سے پانی دستیاب تھا انہیں اب وہاں سے فراہم کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت شہر میں طلب کے مقابلے رسد نصف ہے اور ہماری کوشش ہے کہ دستیاب تمام وسائل کو بروئے کار لاتے ہوئے پانی کی فراہمی کو پورے شہر میں منصفانہ طور پر کیجائے۔ انہوں نے کہا کہ پانی کی رسد کو بڑھانے کیلئے صوبائی حکومت اور کراچی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ نے پہلے ہی متعدد اسکیموں پر کام کا آغاز کردیا ہے جبکہ گریٹر کے فور منصوبے کا بھی آغاز کردیا گیا ہے۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں