آرمی پبلک اسکول کے132 معصوم بچوں نے اپنی جان کا نذرانہ دے کر پوری قوم کو متحد کردیا،گورنرسندھ

بدھ 16 دسمبر 2015 16:32

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔16 دسمبر۔2015ء)گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العبادخان نے کہا ہے کہ گزشتہ برس سانحہ آرمی پبلک اسکول پشاور کے شہداء خاص طورپر 132 معصوم بچوں نے اپنی جان کا نذرانہ دے کر پوری قوم کو متحد کردیا ۔ سانحہ اے پی ایس پشاور کے شہداء کی پہلی برسی پر اپنے پیغام میں گورنر سندھ نے کہا کہ یہ دہشت گرد حملہ قومی سانحہ تھا جسے قوم کبھی بھی بھلا نہیں سکتی ۔

انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں نے اپنے مخصوص مقاصد کے حصول کے لئے قوم کے ہونہار معماروں پر شب خون مارا ۔ آج بھی معصوم بچوں کی چیخوں کی آوازیں ذہنوں میں گونجتی رہتی ہیں اور ماؤں بہنوں کی دلخراش سسکیاں آج بھی ہمیں غمگین کردیتی ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ حملے کا سن کر مجھ سمیت ہر ایک پریشان و حیرت زدہ رہا ذہنوں میں مختلف وسوسے آنے لگے کہ نہ جانے معصوم بچوں پر کیا گزررہی ہو گی ہر ایک دعا گو تھا کہ اللہ ہمارے بچوں کو محفوظ رکھے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بچے قوم کا مستقبل ہوتے ہیں دہشت گردوں نے ہمارے مستقبل کو تاریک کرنے کی مذموم کوشش کی ۔ آج قوم کا دہشت گردوں کے خلاف متحد ہو نا ان معصوم بچوں کی شہادت کے طفیل ہی ہے ۔ گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان نے کہا کہ بلا شبہ آرمی پبلک اسکول کے بچوں کی شہادت نے پوری قوم کو ایک نئی سمت دی ۔ انہوں نے کہا کہ پوری قوم نے بھی ثابت کیا کہ وہ اپنے معصوم بچوں کے قاتلوں کو کسی بھی صورت نہیں چھوڑسکتی ۔

سیاسی و عسکری قیادت نے بھی قوم کی امیدوں کے عین مطابق انسانیت کے قاتلوں کے خلاف ضرب عضب شروع کیا اور ملک کے کونے کونے سے ان وحشی درندوں کا کافی حد تک صفایا کردیا ہے پوری قوم پر عزم ہے کہ آخری دہشت گرد کے خاتمے تک آپریشن ضرب عضب جاری رہے گا ۔ گورنر سندھ نے کہا کہ دہشت گردوں کے خلاف صف آراء ہماری فوج کے ایک ایک سپاہی کو پوری قوم زبردست خراج تحسین پیش کرتی ہے با الخصوص ان جوانوں کو جنھوں نے اپنی جانیں دے کر انسانیت کے قاتلوں کو منطقی انجام تک پہنچایا یہ عظیم شہید پوری قوم کا فخر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آج پوری قوم پُر عزم ہے کہ دہشت گردوں کو اس عظیم دھرتی پر پنپنے نہیں دینگے ۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں