پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے سانحہ آرمی پبلک اسکول پشاورکے شہداء سے اظہار یکجہتی کیلئے دعائیہ تقریب کا انعقاد

بدھ 16 دسمبر 2015 19:59

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔16 دسمبر۔2015ء) پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے سانحہ آرمی پبلک اسکول پشاورکے شہداء سے اظہار یکجہتی کے لیے سندھی مسلم سوسائٹی، تین تلوار کلفٹن اور نیٹی جیٹی پل پر دعائیہ تقریبات منعقد کی گئیں جس میں پی ٹی آئی کے رہنماؤں و کارکنان اور شہریوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی ۔شرکاء نے ہاتھوں میں سانحہ اے پی ایس کے میں شہید ہونے والے بچوں کی تصاویر اٹھا رکھی تھیں۔

شرکاء نے تصاویر پر گل پاشی کی اور شہداء کی یاد میں شمعیں روشن کیں۔دعائیہ تقریبات سے خطاب کرتے ہوئے پی ٹی آئی کے رہنماؤں عمران اسماعیل،خرم شیر زمان ، ثمر علی خان،سبحان علی ساحل، جمال صدیقی و دوا خان صابر نے کہا کہ سانحہ آرمی پبلک اسکول پشاور میں شہید ہونے والے اساتذہ اور بچوں نے قربانی دے کر ملک کے مستقبل کو محفوظ بنا دیا ہے۔

(جاری ہے)

پوری قوم ان کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھے گی ۔

انھوں نے کہا کہ سانحہ اے پی ایس کے شہداء کے مشن کو تحریک انصاف جاری رکھے گی اور تعلیم کو عام کرنے کے لیے بھر پور کوششیں کی جائینگی۔انھوں نے کہا کہ مسلح افواج دہشتگردوں کے خلاف آپریشن ضرب کی صورت میں بھر پور کاروائیاں کر رہی ہے۔کراچی میں بھی رینجرز کی کاروائیوں سے امن قائم ہوا ہے،ملک سے دہشت گردی کے خاتمے کے لیے ضروری ہے کہ قومی ایکشن پلان پر بھر پور طریقے سے عمل درآمد کیا جائے اور سیکورٹی اداروں کی دہشت گردوں کے خلاف جاری کاروائیوں کی مزید حمایت کی جائے ۔انھوں نے کہا کہ تحریک انصاف مطالبہ کرتی ہے کہ کراچی میں آپریشن جاری رکھا جائے ۔رینجرز کو مکمل اختیارات دیے جائیں۔شرکاء نے سانحہ اے پی ایس کے شہداء کو زبر دست خراج عقیدت پیش کیا۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں