بزنس کمیونٹی 30دسمبر کو یو بی جی کے حق میں ووٹ کاسٹ کرکے مخالفین کوبھرپور جواب دیگی،ایس ایم منیر

خالدتواب کی جانب سے دیئے گئے عشائیہ سے میاں ادریس،عبدالرحیم جانو،زبیرطفیل،گلزار فیروز،رؤف عالم اور دیگر کا خطاب

بدھ 16 دسمبر 2015 20:09

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔16 دسمبر۔2015ء) ایف پی سی سی آئی کے سابق صدراور یونائٹیڈ بزنس گروپ کے سرپرست اعلیٰ ایس ایم منیر نے کہا ہے کہ یو بی جی ایک ایسا انسٹی ٹیوٹ بن گیا ہے جہاں سے تربیت حاصل کرکے فیڈریشن چیمبر آف کامرس جانے والا ہرعہدیدار اس ادارے کی تعمیروترقی اورملکی معاشی استحکام کیلئے اپنی صلاحیتیوں کا استعمال کررہا ہے ، بزنس کمیونٹی 30دسمبر کو ایف پی سی سی آئی کے انتخابات میں یو بی جی کے حق میں ووٹ کاسٹ کرکے مجھ پر الزامات عائد کرنے والوں کوبھرپور جواب دیگی۔

انہوں نے یہ بات ایف پی سی سی آئی الیکشن میں یو بی جی کے امیدواربرائے سینئرنائب صدر خالدتواب کی جانب سے فیڈریشن کے سینئرنائب صدر عبدالرحیم جانو کے اعزاز میں دیئے گئے عشائیہ سے خطاب کے دوران کہی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ایف پی سی سی آئی کے صدر میاں محمدادریس،عبدالرحیم جانو،یوبی جی پنجاب ریجن کے چیئرمین ایس ایم نصیر،زبیرطفیل،یو بی جی کے ترجمان گلزار فیروز،خالدتواب،صدارتی امیدوارعبدالرؤف عالم ،نائب صدور کے امیدواروں حنیف گوہر، ظفربختاوری،میاں ارشد فاروق،میاں رحمٰن عزیز چن،سید محمدعاصم شاہ اور ذوالفقار شیخ نے بھی خطاب کیا۔

ایس ایم منیر نے کہا کہ یو بی جی کے سامنے الیکشن میں حصہ لینے والے گروپ کے لوگ مجھ پر یہ جھوٹے الزام عائد عائد کررہے ہیں لیکن میں ان پر واضح کردوں کہ ہماری فیملی سالانہ کروڑوں روپے زکواٰۃ دیتی ہے،ہم نے ہمیشہ ملک کو ٹیکس ادا کیا اور اپنے ملک کی تعمیروترقی میں حصہ لیا،میں اپنے مخالفین کو یہ بھی بتادوں کہ ووٹ استعمال کرنا میرا جمہوری اور آئینی حق ہے جسے کوئی روک نہیں سکتا، جو لوگ میرے خلاف عدالتوں میں گئے انہیں منہ کی کھانی پڑی ہے۔

انہوں نے عبدالرحیم جانو کی خدمات کو سراہا ۔ یو بی جی کے سیکریٹری جنرل زبیر طفیل نے کہا کہ ہم گزشتہ کئی ماہ سے ٹیکسیشن کے معاملات پر وزارت خزانہ اور ایف بی آر کے ساتھ بات چیت جاری رکھے ہوئے ہیں ،ہم حکومت کے کسی لالی پاپ میں نہیں آئیں گے، بار بار کی یقین دہانیوں کے باوجود مسائل جوں کے توں رہنے سے حکومت کی غیرمقبولیت بڑھتی جارہی ہے اورساتھ ہی بزنس کمیونٹی کی پریشانیاں بھی بڑھ رہی ہیں تاہم توقع ہے کہ وزیرخزانہ 2سال کیلئے بزنس کمیونٹی کو سہولیات کیلئے جلد ہی انڈسٹریل پیکج کا اعلان کریں گے۔

صدر ایف پی سی سی آئی میاں ادریس نے کہا کہ یو بی جی گروپ آئندہ مزید آرگنائزڈ ہوگا کیونکہ ہم نے کوئی بھی فیصلے ڈرائنگ روم میں بیٹھ کر نہیں کئے بلکہ میرٹ کے ذریعہ امیدوار نامزد کئے ہیں،فیڈریشن میں پہلا سال یو بی جی کیلئے بارش کا پہلا قطرہ تھا اور آئندہ مزید کارکردگی بہتر ہوگی،ہم نے سینیٹر عبدالحسیب خان کے محنت سے تیار کئے گئے یو بی جی منشور پر من وعن عمل کیا ہے جس سے ہمیں کامیابیاں ملیں ۔

ایف پی سی سی آئی کے سینئرنائب صدر عبدالرحیم جانو نے کہا کہ ہم نے فیڈریشن میں کرپشن ختم کی اورپیٹرول کا جو خرچہ ساڑھے تین لاکھ روپے ماہانہ تھا اسے کم کرکے 30ہزارسے35ہزار روپے تک لائے ، جب ہم نے اقتدار سنبھالا تو فیڈریشن کا خزانہ خالی تھا اورملازمین کے پروویڈنٹ فنڈ میں سے بھی خیانت کرکے40لاکھ روپے کھائے جاچکے تھے ،اس کے علاوہ ڈھائی کروڑ روپے سندھ بینک سے ایڈوانس لے کھائے جاچکے تھے،میں چیلنج کرتاہوں کہ مخالفین کے ہمراہ ملک کے سب سے بڑے آڈیٹرز اوراکاؤنٹس ماہرین میرے پاس آجائیں میں انہیں دکھاؤں گا کہ سابق برسراقتدار بزنس مین پینل کی قیادت نے کیا لوٹ مارمچائی تھی لیکن ہم نے وہاں امانت کا تحفظ کیا،آج فیڈریشن کے خالی خزانے میں ساڑھے6کروڑ روپے سے زائد جبکہ پروویڈنٹ فنڈ میں بھی 3کروڑ58لاکھ روپے موجود ہیں جبکہ فیڈریشن نے موبی لنک کے ساتھ بھی40لاکھ روپے کا معاہدہ کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ مخالف گروپ ایس ایم منیر کے خلاف بے بنیاد خبریں چلوا کر اپنے آپ کو زندہ رکھنے کی ناکام کوشش کررہاہے لیکن30دسمبر کی شب مخالف گروپ کے کیمپوں میں ماتم کی فضا ہوگی اور یو بی جی کے کیمپ میں عالیشان فتح کا جشن ہوگا۔ایس ایم نصیر نے کہا کہ افتخار علی ملک اور ایس ایم منیرکی جدوجہدنے بزنس کمیونٹی کو یو بی جی کے سائے تلے جمع کردیااور اگر بزنس کمیونٹی مزید مضبوط ہوجائے تو حکومت ان کے مسائل حل کرنے پر مجبور ہوگی۔

خالد تواب نے کہا کہ0.3اور0.6فیصد ود ہولڈنگ ٹیکس کی وجہ سے ملکی اکنامی متاثر ہے،حکومت بزنس کمیونٹی کو گمراہ نہ کرے بلکہ مسائل حل کرے۔گلزار فیروز نے کہا کہ مخالفین ایس ایم منیر سے خوفزدہ ہیں اور ماضی میں جن لیڈران کے گھر ایف پی سی سی آئی کے خزانے سے چلتے تھے وہ اپنی پہلی شکست پر ابھی تک تلملارہے ہیں لیکن وہ دوسری بدترین ہار کیلئے اپنے آپ کو ابھی سے تیار کرلیں،بزنس مین پینل کی بچی کھچی قیادت کیلئے اب بھی وقت ہے کہ وہ الیکشن میں حصہ لے اور ذاتیات پر حملے نہ کرے ورنہ انہیں یو بی جی کی جانب سے بھی بھرپور جواب مل سکتا ہے۔

صدارتی امیدوار عبدالرؤف عالم نے کہا کہ اگر ہم ایک پلیٹ فارم پر جمع نہ ہوئے تو آنے والے وقتوں میں مسائل مزید سنگین صورت اختیار کرجائیں گے،ہم بزنس کمیونٹی کیلئے مضبوط آواز بلند کریں گے اور حکومت کی جانب سے خوفزدہ کرنے کا کوئی عمل برداشت نہیں کریں گے۔

متعلقہ عنوان :

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں