پاکستان ریلوے ایمپلائز یونین کراچی ڈویژن کے زیراہتمام احتجاجی دھرنا دیا گیا

بدھ 16 دسمبر 2015 22:29

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔16 دسمبر۔2015ء) پاکستان ریلوے ایمپلائز (پریم)یونین CBA کراچی ڈویژن کے زیراہتمام گزشتہ روز سٹی اسٹیشن کراچی DS آفس کے سامنے ایک احتجاجی دھرنا دیا گیا جس میں مرکزی رہنما سیدعلی شاہ،ڈویژنل صدر سید شاہداقبال،سینئرنائب صدرحاجی محمدنصراﷲ خان،جنرل سیکریٹری چوہدری محمدآصف،آرگنائزر پیرخان،زبیرہاشمی،ارشدعمرعثمانی،عاطف عباس،ملک محمدخالد،محمدسلیم صدیقی،جام محمدرفیق،غلام مصطفےٰ،سیدجاویدعلی،مٹھوخان شورو، محمدشفیق، محمد ایوب، خالد وڑائچ، حفیظ شاہ،ملک اسحاق،محمدالیاس،اسحاق شیخ،تحسین احمد،ربنواز،عامرعلی،محمدعظیم،عبدالحق،محمدکامران،محمد عمران،سعیداحمد،نویدانجم اور دیگر مزدوروں کی کثیر تعداد نے شرکت کرکے یکجہتی کا اظہار کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر شاہداقبال نے کہاکہ ریل کا ملازم کسمپرسی کی زندگی گزار رہا ہے. یہ وہ ملازم ہے جو وفاقی وزیر ریلوے کی صورت میں وارث ہوتے ہوئے بھی لاوارث ہے اور انکا کوئی پرسان حال نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ ریل اپنے پاؤں پر کھڑی ہوگئی ہے تو اس میں وزیر ریلوے خواجہ سعدرفیق کا کوئی کردار نہیں سوائے اسکے کہ نئے انجن منگوائے ہیں۔ادارے کو چلانے والے تو یہ مزدور ہیں جو دن رات ایک کرکے اس ریل کی خدمت میں مصروف عمل ہیں اور آج ریل ترقی کی راہ پر گامزن ہے۔

شاہداقبال نے کہا جو مزدور مخلصانہ طور پر محنت ولگن کے ساتھ اپنے ادارے کو رواں دواں رکھے ہوئے ہے اس کا حق ہے کہ اسے اس کے جائز حقوق ملنے چاہئیں ۔لہٰذا ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ قائد پریم اشتیاق احمدآسی کی جانب سے پیش کردہ مزدوروں کے مسائل پر مشتمل 32 نکاتی چارٹرڈآف ڈیمانڈ کو فی الفور منظورکیا جائے۔انہوں نے کہا کہ آج یہ پر امن احتجاجی دھرنا انتظامیہ کیلئے ایک پیغام ہے کہ مزدور اپنے حقوق کے حصول کیلئے میدان میں اترچکے ہیں۔

اگر انتظامیہ اب بھی ہوش کے ناخن نہ لے تو سمجھ لے کہ جو مزدور ریل کو چلا سکتا ہے وہ اسے روک بھی سکتا ہے۔دریں اثنا6 حاجی محمد نصراﷲ خان نے 29 دسمبر بروز منگل کو انتظامیہ کے خلاف ملک بھر میں یوم سیاہ منانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نوشتہ دیوار پڑھ لے کہ آج کے اس دھرنے میں مزدوروں کی کثیر تعداد کے ساتھ ساتھ تمام ٹریڈ یونین رہنماؤں کی شرکت نے ثابت کردیا کہ ہم مزدور کے حقوق پر کسی قسم کی سودے بازی برداشت نہیں کریں گے۔ آخر میں انہوں نے تمام مزدور رہنماؤں کی جانب سے دھرنے کی حمایت کرنے پر شکریہ ادا کیا۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں