کرپٹ عناصر کی گرفتاری کی مشروط اجازت عدل و انصاف کے منافی ہے،آفاق احمد

کرپشن بھی دہشت گردی کی شکل ہے]جرم کوئی بھی کرے اسکا مکمل احتساب ہونا چاہئے

بدھ 16 دسمبر 2015 22:29

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔16 دسمبر۔2015ء) مہاجر قومی موومنٹ (پاکستان) کے چیئرمین آفاق احمد نے سندھ اسمبلی سے رینجرز اختیارات میں توسیع کی قرارداد منظوری پراپنے تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بدعنوان سرکاری ملازمین اور کرپٹ عناصر کی گرفتاری کیلئے سندھ حکومت کی پیشگی اجازت کی شرط عدل و انصاف کے منافی ہے ۔جرم خواہ کوئی بھی کرے اسکا مکمل احتساب ہونا چاہئے۔

چیئرمین آفاق احمد نے کہا رینجرز کو لولے لنگڑے اختیارات دینا سندھ کے شہریوں کے ساتھ مذاق ہے،دہشت گردی صرف کسی کو قتل کرنا ہی نہیں ہوتی آج کے دور میں دہشت گردی کیلئے سرمایہ فراہم کرنے اور اس سرمائے کے حصول کیلئے بدعنوانی اور کرپشن بھی دہشت گردی ہی کے زمرے میں آتی ہے ۔آفاق احمد نے کہا کہ رینجرز نے قیام امن کیلئے جو قربانیاں دیں اسکے اعتراف میں غیر مشروط اجازت اور مکمل اختیارات دیئے جانے چاہئے تھے لیکن سندھ حکومت نے اپنے طرز عمل سے ایک بار پھر ثابت کیا کہ اسے عوام اورملک کی بجائے کرپشن کے سمندرمیں غوطے لگانے والے عزیز ہیں ۔

(جاری ہے)

آفاق احمد نے کہاکہ ملک کے معاشی استحکام اور معاشی حب سے دہشت گردی کے خاتمے کیلئے رینجرز اختیارات میں غیر مشروط توسیع ضروری ہے جس کیلئے وفاقی حکومت اور آرمی چیف کو اپنا اثر و رسوخ استعمال کرنا چاہئے ۔انہوں نے مزید کہاکہ سندھ حکومت کی ہٹ دھرمی سے سیکیورٹی اداروں کی دو سالہ محنت ضائع ہورہی ہے جو ملک و قوم کے مفاد میں نہیں۔ حکومت عوام کی خواہشات کا احترام کرے اور رینجرز کو اسکے مینڈیٹ کے مطابق کام کرنے کی آزادی دی جائے۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں