جشن عید میلاد النبی ﷺ منانا عین عبادت ہے ، حاجی محمد رفیق پردیسی

حضور پور ﷺ کی تشریف آوری سے ظلمت ، جہالت کے اندھیرے چھٹ گئے ، مفتی وسیم ضیائی

جمعرات 17 دسمبر 2015 21:14

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔17 دسمبر۔2015ء) جشن عید میلاد النبی ﷺ منانا عین عبادت ہے ، رسول اﷲ ﷺ رحمت خداوندی کے نزول کا ذریعہ ہیں ۔ رب کائنات نے ذات پاک مصطفےٰ ﷺ کو پوری کائنات کے تمام اولین و آخرین کیلئے سراپار حمت بنا کر بھیجا ۔ قوم نبی ﷺ کے نظام رحمت سے وابستہ ہو کر اﷲ کے حضور معافی کے طلبگار ہوں تاکہ ہم پر رحمت الٰہی کا نزول ہو جو ہمارے لئے دنیا اور آخرت میں کامیابی کی ضمانت بن سکے۔

ان خیالات کا اظہار برکاتی فاؤنڈیشن کے ٹرسٹی و چیئرمین محسن اہلسنت حاجی محمد رفیق پردیسی نے اختر کالونی میں پرچم کشائی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا انہوں نے کہا کہ سرور دو جہاں حضرت محمد مصطفی ﷺ کی حیات طیبہ ایک روشن مثال ہے جس سے زندگی کے ہر شعبے اور پہلو میں اس سے ہدایت و راہ نمائی حاصل کی جا سکتی ہے۔

(جاری ہے)

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مرکزی ناظم اعلیٰ رونق اہلسنت مفتی وسیم ضیائی نے کہا کہ حضور پور ﷺ کی تشریف آوری سے ظلمت ، جہالت ، گمراہی کے اندھیروں میں روشنی کی وہ کرنیں پھوٹی جن سے پوری دنیا، انسانیت، انصاف وعدل سے جگمگا اٹھیں۔

انہوں نے کہا کہ آپ ﷺ کی تعلیمات احترام انسانیت اور معاشرے میں امن کی ضامن ہیں۔ آپ ﷺ نے زندگی کو جینا سکھایا، ظاہری و باطنی، جسمانی و روحانی گندگیوں سے بچ کر پاکیزہ زندگی گزارنے کا سلیقہ سکھایا ۔ غرور و تکبر کو پس پشت ڈال کر عبادت کرنا اور اﷲ کی بارگاہ میں سرجھکانا سکھایا ۔ آپ نے معاشرے میں معاشرتی توازن پیدا کرنا، تاجروں کو لین دین اور تجارت دیانتداری سے کرنے کے اصول وضع کیے، فرائض و واجبات اور حقوق ضروریات میں اعتدال و توازن اور ادائیگی و وصولی کا عملی نمونہ پیش کیا ۔

تقریب سے علامہ خالد محمود، قاری انور ہجویری ، مولانا اظہر قادری، مولانا اقبال قادری، مولانا عبدالعلیم قادری، مفتی نثار قادری، مولانا عبداﷲ کامل ، مفتی رضوان قادری، محمد آصف خان ، فخر عالم نورانی، محمد زبیر قادری، منیر خان قادری ، زاہد حسین، مرشد عالم ثانی و دیگر عہدیدارا اور عوام اہلسنت کی کثیر تعداد موجود تھی۔

متعلقہ عنوان :

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں