نائیجیریا میں اسرائیل نواز افواج کے ہاتھوں مسلمانوں کا قتل عام ریاستی دہشت گردی کی بدترین مثال ہے، مجلس وحد ت مسلمین پاکستان

جمعرات 17 دسمبر 2015 22:41

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔17 دسمبر۔2015ء) نائیجیریا میں اسرائیل نواز افواج کے ہاتھوں مسلمانوں کا قتل عام ریاستی دہشت گردی کی بدترین مثال ہے، نائیجیریا حکومت اسلامی تحریک کے سربراہ شیخ زکزکی اور ان کے اہل خانہ کو فی الفور رہا کرے اور تحفظ فراہم کرے۔ان خیالات کااظہار مجلس وحد ت مسلمین پاکستان کے مرکزی رہنماؤں مولانا اعجاز بہشتی، مولانا احمد اقبال، مولانا باقر زیدی اور امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کراچی کے صدر یاور عباس سمیت ایم ڈبلیو ایم کے رہنماؤں مولانا علی انور جعفرئی، علامہ مبشر حسن، سید میثم رضا، حسن ہاشمی، نے کراچی پریس کلب کے باہر نائیجیریا کے مسلمانوں سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے نائیجیریا کی اسرائیل نواز فوج کے خلاف احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر مظاہرین کی بڑی تعداد موجود تھی جن کے ہاتھوں میں بینرز اور پلے کارڈز موجود تھے جن پر اسلامی تحریک نائیجیریا کے سربراہ شیخ ابراہیم زکزکی کی رہائی کے مطالبے سمیت اسرائیل نواز نائیجیرین فوج کے خلاف نعرے آویزاں تھے۔

(جاری ہے)

یاد رہے کہ 12دسمبر کو زاریا شیر میں اسرائیل نواز نائیجیرین فوج نے بھاری ٹینکوں اور گولہ بارود کے ساتھ شہریوں کو ریاستی دہشت گردی کا نشانہ بنانا شروع کیا تھا اور تیس گھنٹوں تک جاری سفاکانہ دہشت گردی میں 6ہزار سے زائد معصوم انسانوں کو موت کی نیند سلا دیا گیا تھا۔مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے مقررین کاکہنا تھا کہ نائیجیریا کے مظلوم مسلمانوں اور بالخصوص اسلامی تحریک کے سربراہ شیخ ابراہیم زکزکی کا قصور یہ ہے کہ انہوں نے ہمیشہ فلسطینیوں کی حمایت کی ہے اور غاصب اسرائیل اور اس کی سرپرست قوتوں امریکہ اور برطانیہ کے خلاف صدائے احتجاج بلند کی ہے تاہم مظلوم فلسطینیوں کی حمایت کے اس جرم میں شیخ ابراہیم زکزکی نے اپنے انچ فرزندوں کی قربانی دی ہے اور آج خود بھی اسرائیل نواز نائیجیرین افواج کے ہاتھوں ریاستی دہشت گردی کا نشانہ بنے ہوئے ہیں۔

رہنماؤں نے نائیجیریا میں جاری ریاستی دہشت گردی پر عالمی برادری کی مجرمانہ خاموشی سمیت ذرائع ابلاغ کی جانب سے خاموشی اور سکوت کی شدید الفاظ میں مذمت کی اور کہا کہ آج اگر یہی واقعہ کسی یورپی یا مغربی ممالک میں رونما ہوتا تو یہ ذراع ابلاغ ، انسانی حقوق کے ادارے اور عالمی برادری پوری دنیاکو تگنی کا ناچ نچوا دیتے لیکن کیونکہ یہ ریاستی دہشت گردی نائیجیریا میں مظلوم اور نہتے مسلمانوں پر ہوئی ہے اس لئے پوری دنیا خواب خرگوش میں ہے۔

انہوں نے کہا کہ نائیجیریا حکومت کو چاہئیے کہ اسرائیل نواز آرمی کی مدد سے بنایا جانے والا دہشت گرد گروہ بوکو حرام کے خلاف سخت اقدامات کئے جائیں نہ کہ ملک کے پر امن باسیوں کا بڑے پیمانے پر قتل عام کیا جائے انہوں نے نائیجیریا کی حکومت اور افواج کو پیغام دیتے ہوئے کہا کہ اگر اسلامی تحریک نائیجیریا کے سربراہ شیخ ابراہیم زکزکی کو فی الفور رہا نہ کیا گیا اور مسلمانوں کے قتل عام کا سلسلہ بند نہ ہوا تو پاکستان بھر میں احتجاج کا دائرہ وسیع کر دیں گے اور نائیجیریا کے سفارت خانے کا گھیراؤ بھی کیا جائے گا۔

واضح رہے کہ یہ احتجاجی مظاہرہ پہلے نائیجیرین قونصلیٹ پر منعقد کیا جانا تھا تاہم کراچی سے سفارت خانے کی اسلام آباد منتقلی کے باعث پریس کلب پر کیا گیا ہے۔اس موقع پر مظاہرین نے امریکہ مردہ باد،ا سرائیل نامنظور، دہشت گردی مردہ باد، اور شیخ زکزکی کو رہا کرو کے نعرے بھی لگائے اور اس موقع پر امریکی اور اسرائیلی پرچم کو بھی نذر آتش کیا گیا۔

متعلقہ عنوان :

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں