یو بی جی قیادت صرف اپنے ذاتی مفادات کی جنگ لڑ رہی ہے‘ سابق عہدیداران ایف پی سی سی آئی

جمعہ 18 دسمبر 2015 17:01

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔18 دسمبر۔2015ء) ایف پی سی سی آئی کے سابق نائب صدور حاجی فضل الٰہی ‘ محمد اکبر خان ایڈووکیٹ ‘ زبیر علی ‘ ظفر جلیل خان مستی خیل ‘ مرزا عبدالرحمن بزنس مین پینل کے صدارتی امیدوار سینیٹر حاجی غلام علی نے اپنے سابقہ دور صدارت کے دوران بزنس کمیونٹی کی جتنی خدمت کی مخالف گروپ کے عہدیداراس سے خوفزدہ ہے اور جھوٹے اور بے بنیادبیانات شائع کرا کر سستی شہرت حاصل کرنا چاہتے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ ایف پی سی سی آئی کو مفت کا مال سمجھنے کا الزام لگانے والوں نے خود فیڈریشن کو دونوں ہاتھوں سے لوٹا اور ایف پی سی سی آئی کی صدارت ہونے کے باوجود بزنس کمیونٹی کی مشکلات کم کرنا تو درکنار ان کے مسائل میں مزید اضافے کا سبب بنے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ سینیٹر حاجی غلام علی نے اپنے دور صدارت میں فیڈریشن کا خزانہ بھرا ۔ حکومت سے دس کروڑ روپے دلانے سمیت مختلف مد میں کروڑوں روپے ایف پی سی سی آئی کو دلائے جبکہ یو بی جی نے ایف پی سی سی آئی کے موجودہ سال میں بزنس کمیونٹی کیلئے کچھ نہیں کیا جبکہ فیڈریشن میں من پسندوں اور اپنی کمپنی کے ملازمین کو ماہانہ لاکھوں روپے تنخواہوں پر بھرتی کیا ۔

انہوں نے کہا کہ یو بی جی کے عہدیداران اپنی شکست کے خوف سے بے بنیاد اور جھوٹے الزامات لگا کر بزنس کمیونٹی کو مزید بیوقوف نہیں بنا سکتے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منیر سلطان ‘ مہتاب چاؤلہ ‘ عبدالسمیع کے اخباری بیان کے ردعمل میں کیا ۔ انہوں نے کہا کہ ایس ایم منیر اور افتخار علی ملک نے بزنس کمیونٹی کا سودا کرکے ٹریڈ ڈیویلپمنٹ اتھارٹی کے چیف ایگزیکٹیو کا عہدہ اور گارڈ گروپ آف انڈسٹری کیلئے انکم ٹیکس اور سیلز ٹیکس میں چھوٹ حاصل کی ۔

انہوں نے کہا کہ جس گروپ کا لیڈر اپنا سرکاری عہدہ بچانے کیلئے عدالت میں اپنے ہی بنائے گئے گروپ کو نام نہاد گروپ کہے ایسا گروپ اور اس کے امیدوار بزنس کمیونٹی کی کیا خدمت کرینگے ۔ یو بی جی صرف اور صرف اپنے مفادات کی جنگ لڑ رہی ہے جبکہ بزنس کمیونٹی کے مفادات پر مسلسل خاموشی اختیار کر تے ہوئے صرف نعروں اور دعوؤں پر کام چلا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سینیٹر حاجی غلام علی جیسے نڈر ‘ بے باک اور بزنس کمیونٹی کے حقوق کیلئے ہر محاذ پر ڈٹ جانے والے لیڈر ہیں اور انہوں نے بزنس کمیونٹی کی جو خدمت کی وہ کسی سے ڈھکی چھپی نہیں اور انشاء اللہ 30دسمبر کو پاکستان کی بزنس کمیونٹی اور بالخصوص ایگزیکٹیو اور جنرل باڈی ممبران سینیٹر حاجی غلام علی سمیت بزنس مین پینل کے تمام امیدواروں کو کامیاب کرائینگے اور بزنس کمیونٹی کا سودا کرنے والے مفاد پرستوں اور فیڈریشن پر قبضہ کرنے والوں کو نکال باہر کرینگے ۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں