کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ نے کلفٹن میں کارروائی کرکے نجی یونیورسٹی کے وائس چانسلر کو گرفتار کرلیا

جمعہ 18 دسمبر 2015 23:04

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔18 دسمبر۔2015ء) کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) نے کراچی کے علاقے کلفٹن میں کارروائی کرکے نجی یونیورسٹی کے وائس چانسلر سمیت 4 افراد کو گرفتار کرلیا ہے۔ سی ٹی ڈی ذرائع کے مطابق سی ٹی ڈی نے جمعہ کو کلفٹن کے علاقے میں کارروائی کرکے نجی یونیورسٹی کے وائس چانسلر عادل مسعود بٹ اور تین مزید افراد کو گرفتار کرلیا ہے۔

گرفتار شخص پر القاعدہ سمیت دیگر کالعدم تنظیموں کے لئے فنڈنگ کا الزام ہے۔ پولیس کے مطابق عادل مسعود بٹ سانحہ صفورا گوٹھ کے ملزم سعد عزیز عرف ٹن ٹن عرف جان کا بزنس پارٹنر اور سہولت کار ہے۔ پولیس نے عادل مسعود بٹ کے بینک اکاؤنٹس سے کالعدم تنظیموں کو کی گئی فنڈنگ کے شواہد بھی حاصل کرلئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق ملزم کی نشاندہی القاعدہ کے گرفتار دہشت گرد خالد یوسف نے جے آئی ٹی کے سامنے کی جبکہ عادل مسعود بٹ کے بینک اکانٹ کی چھان بین سے بھی شواہد ملے ہیں۔

(جاری ہے)

سی ٹی ڈی حکام کے مطابق ملزم کو پہلے سے گرفتار سانحہ صفورا کے سہولت کار خالد یوسف کی نشاندہی پر گرفتار کیا گیا۔سی ٹی ڈی حکام کا کہنا ہے کہ عادل مسعود کے بینک اکانٹس کی چھان بین سے ملزم کے خلاف ٹھوس شواہد ملے ہیں جب کہ کیس میں پہلے سے گرفتار ملزم خالد یوسف نے بھی جے آئی ٹی کے سامنے عادل مسعود کوسانحہ صفورا کا سہولت کار قراردیا تھا۔ دہشت گردی کے واقعات میں اس سے پہلے بھی اعلی تعلیم یافتہ افراد ملوث پائے گئے ہیں ۔ سماجی رہنما سبین محمود کے قتل میں ملوث ملزم مختلف یونیورسٹیوں سے فارغ التحصیل تھے ۔ ملزم کو مزید تفتیش کے لئے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا گیا ہے۔ گرفتار ملزم 90 روزہ ریمانڈ پر پولیس کی تحویل میں ہے۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں