حبیب یونیورسٹی میں اسٹین فورڈ یونیورسٹی کی ڈائریکٹر سارا گرین برگ کا ڈیزائن تھنکنگ کے موضوع پر لیکچر

ہفتہ 19 دسمبر 2015 19:05

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔19 دسمبر۔2015ء) دنیا کے صف اول کے اعلیٰ تعلیمی ادارے اسٹین فورڈ یونیورسٹی کی ایگزیکٹو ڈائریکٹر سارا اسٹین گرین برگ (Sarah Stein Greenberg) نے پاکستان کے سب سے بڑے لبرل آرٹس کے ادارے حبیب یونیورسٹی میں جمعہ کو 'ڈیزائن کو تجربہ کے طور پر سیکھنا: اسٹین فورڈ کے ڈی اسکول میں ڈیزائن تھنکنگ 'کے موضوع پر لیکچر دیا ۔

سارا اسٹین گرین برگ اسٹین فورڈ یونیورسٹی کے انسٹی ٹیوٹ آف ڈیزائن ڈی اسکول کی ایگزیکٹو ڈائریکٹر ہیں۔ سارا گرین برگ نے ڈیزائن تھنکنگ کے طریقہ کار کے بارے میں گفتگو کی اور دلچسپ واقعات سے آگاہ کیا کہ کس طرح ڈیزائن تھنکنگ کے ذریعے اسٹین فورڈ یونیورسٹی کے طالب علموں کی کثیر الموضوعاتی ٹیموں کو اجازت ہے کہ وہ اپنے ارد گرد کی دنیا میں حقیقی اثر ات پیدا کریں۔

(جاری ہے)

لیکچر میں ڈی اسکول کے فلسفے کے گرد گھومتے ڈیزائن لرننگ سے متعلق تجربات کا احاطہ کیا گیا کہ یہ طریقہ کس طرح سے تعلیمی ماحول بہتر بناتا ہے جس سے طالب علموں کو اپنی تخلیقی صلاحیتوں پر اعتماد حاصل کرنے میں مدد ملتی ہے۔ سارا گرین برگ نے جدید تدریسی طریقوں پر بھی اظہار خیال کیا جن پر اگر پاکستان میں عمل درآمد کیا گیا تو ملک کا ذہین نوجوان بھرپور انداز سے باصلاحیت بن سکتا ہے۔

سارا گرین برگ نے اسٹین فورڈ یونیورسٹی سے ایم بی اے اور اوبرلن کالج سے تاریخ میں بی اے کیا ہے۔ وہ اس موضوع پر دنیا بھر میں اظہار خیال کرتی ہیں اور ان گروپوں کو سہولت فراہم کرتی ہیں جو ڈیزائن تھنکنگ کو برؤے کار لاتی ہیں۔ اس موضوع پر اظہار خیال کے لئے رواں سال وہ کینیڈا، فلپائن، جنوبی افریقہ، ایکواڈور کے بعد اب پاکستان میں بھی آچکی ہیں۔

سال 2010 سے سارا گرین برگ نے ڈی اسکول کو قائدانہ انداز سے چلانے میں معاونت کی۔ یہ اسٹین فورڈ یونیورسٹی کا ایک بین الموضوعاتی تعلیمی ادارہ ہے جو ڈیزائن تھنکنگ کے پھیلاوٴ اور جدتوں کو پروان چڑھاتا ہے۔ اس سے قبل انہوں نے امریکہ اور بھارت میں مانیٹر گروپ کے جدت انگیز عمل کے لئے کام کیا اور جدت انگیز استعداد میں اضافے کے لئے ملٹی نیشنل کمپنیوں کو مشاورت فراہم کی۔ وہ ایشیاء اور افریقہ کی ابھرتی مارکیٹوں میں نئی مصنوعات اور خدمات کی تیاری کا بھی پس منظر رکھتی ہیں۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں