رینجرز اختیارات بارے سندھ حکومت نے پیر تک قرار داد کو واپس نہیں لیا تو منگل کو سندھ اسمبلی کا گھیراؤ کیا جائے گا،تحریک انصاف کا انتباہ

تاجروں، سول سو سائٹی کے افراد اور طلباء سے بھی اپیل کرتے ہیں سندھ اسمبلی کے گھیراؤ اور احتجاج میں شامل ہوں،پارٹی رہنماء سبحان علی ساحل

ہفتہ 19 دسمبر 2015 22:23

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔19 دسمبر۔2015ء) پاکستان تحریک انصاف کے رہنماء سبحان علی ساحل نے کہا ہے کہ ہم حکومت سندھ کو متنبہ کرتے ہیں کہ رینجرز کے اختیارات کو محدود کرنے کے حوالے سے سندھ حکومت نے پیر تک اپنی قرار داد کو واپس نہیں لیا تو منگل 22دسمبر کو تحریک انصاف کی جانب سندھ اسمبلی کا گھیراؤ کیا جائے گا۔ہم تاجروں، سول سو سائٹی کے افراد اور طلباء سے بھی اپیل کرتے ہیں کہ وہ بھی سندھ اسمبلی کے گھیراؤ اور احتجاج میں شامل ہوں۔

ان خیالات کا اظہار انھوں نے ہفتہ کے روز کراچی پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ راجہ اظہر، سرور راجپوت، اورریاض حیدر بھی تھے۔ سبحان علی ساحل نے کہا کہ رینجرز کی کارکردگی سے کراچی میں معیشت پروان چٹرھی ٹارگٹ کلنگ اور بھتہ خوری میں کمی واقع ہوئی ۔

(جاری ہے)

تاجر برادری اور سول سوسائٹی نے سکون کا سانس لیا لیکن سندھ حکومت گورنمنٹ جرائم پیشہ افراد کے خلاف آپریشن جاری رکھنے اور اپنی کرپشن چھپانے کیلئے رینجرز اختیارات محدود کر کے آدھا تیتر آدھا بٹیر کا کھیل کھیل رہی ہے۔

کیوں کہ اختیارات محدود ہونے سے رینجرز کا کارکردگی پر اثر پڑے گا۔ اس سے کراچی شہر کا امن ایک بار پھر خراب ہوجائے گا۔انھوں نے کہا کہ سندھ حکومت صرف ڈاکٹر عاصم جن کی کرپشن کی کڑیاں ان کی بڑی قیادت سے جاکر ملتی ہیں ان کو بچانے کیلئے کراچی کے امن کو ایک مرتبہ پھر داؤ پر لگانا چاہتی ہے۔سبحان علی ساحل نے کہا کہ سندھ حکومت کراچی کے امن و امان سے کتنا سنجیدہ ہے اس کا اس بات سے اندازہ لگایا جاسکتا ہے کہ صرف چند منٹ میں سندھ اسمبلی سے رینجرز کے حوالے سے قرار داد منظور کروالی گئی۔ قرار داد کے ذریعے سے کراچی آپریشن کو متنازعہ بنانے کو کوشش کی گئی ہے۔ انھوں نے کہا کہ ہم وفاقی حکومت کو بھی متنبہ کرتے ہیں کہ وہ رینجرز کے معاملے پر بی جمالو کا کردار ادا نہ کرے۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں