سندھ کی اپوزیشن جماعتوں کے اجلاس میں پیپلز پارٹی کی سندھ حکومت کے خلاف گرینڈ اپوزیشن الائنس کے قیام کا فیصلہ

اپوزیشن متحد ہے،فیڈریشن بچانے کے لیے ہم سب متحد ہوکرکام کریں گے،پیر صدرالدین شاہ راشدی

ہفتہ 19 دسمبر 2015 22:52

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔19 دسمبر۔2015ء) سندھ کی اپوزیشن جماعتوں کے اجلاس میں پیپلز پارٹی کی سندھ حکومت کے خلاف گرینڈ اپوزیشن الائنس کے قیام کا فیصلہ کرلیا گیا ہے اور اپوزیشن رہنماؤں نے اعلان کیا ہے کہ 9 جنوری سے سندھ حکومت کے خلاف بھر پور تحریک شروع کی جائے گی انہوں نے یہ بھی کہا ہے کہ گرینڈ اپوزیشن کا آئندہ اجلاس 9جنوری کو کنگری ہاؤس میں ہوگا جس میں الائنس کی باضابطہ تشکیل اور آئندہ کے سیاسی لائحہ عمل کا اعلان کیا جائے گا۔

سندھ کی اپوزیشن جماعتوں کا ایک اہم اجلاس ہفتہ کو وفاقی وزیر مرتضیٰ خان جتوئی کی قیام گاہ پر منعقد ہوا جس میں مسلم لیگ فنکشنل کے پیر صدر الدین شاہ راشدی، ڈاکٹر ارباب رحیم، لیاقت جتوئی، حسین ہارون ، صفدر عباسی، ڈاکٹر ذوالفقار مرزا، غوث بخش مہر، عرفان اﷲ خان مروت، جام مدد علی ، اسماعیل راہو اور ایاز لطیف پلیجو سمیت دیگر رہنماؤں نے شرکت کی اپوزیشن رہنماؤں نے اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے پیپلز پارٹی کی سندھ حکومت کی جانب سے رینجرزکے اختیارات محدود کرنے کے اقدام کی سخت الفاظ میں مذمت کی اور کہا کہ ایسا صرف ڈاکٹر عاصم کو بچانیکے لئے کیا جارہا ہے لیکن اپوزیشن رینجرز کے بے اختیار نہیں ہونے دے گی۔

(جاری ہے)

پیرصدرالدین شاہ راشدی نے کہا کہ پوری اپوزیشن ہمارے ساتھ متحد ہے،فیڈریشن بچانے کے لیے ہم سب متحد ہوکرکام کریں گے۔ غلام مرتضیٰ جتوئی کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی کی کرپشن کسی سے ڈھکی چھپی نہیں اس نے سندھ کو 30 سال پیچھے دکھیل دیا ہے اور اب پی پی ایک سیاسی جماعت نہیں بلکہ مافیا بن چکی ہے جسے لگام دینا ضروری ہے انہوں نے کہا کہ ہم نے گرینڈ الائنس کے قیام کا اصولی فیصلہ کرلیا ہے جس کے منشور پر بھی کام جاری ہے اور ایک کمیٹی بھی بنارہے ہیں انہوں نے کہا کہ یہ اتحاد ایک نئی سیاسی جماعت میں بھی تبدیل ہوسکتا ہے۔

ڈاکٹر ذوالفقار مرزا کا کہنا تھا کہ سندھ کے عوام کے ساتھ پی پی کے ظلم و استبداد پر خاموش رہنا ایک جرم ہوگا انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر عاصم نے کروڑوں روپے کی کرپشن کی لیکن اسے بچانے کے لئے رینجرز کے اختیارات پر قدغن لاگائی جارہی ہے پیپلز پارٹی کو معلوم ہے کہ ڈاکٹر عاصم کے بعد آصف زرداری قانون کے شکنجے میں ہوں گے۔ ایاز لطیف پلیجو نے کہا کہ پی پی سندھ دشمنی پر اتر آئی ہے اس کی پالیسیوں نے سنددھ کو تباہی کے دہانے پر پہنچا دیا ہے اب وقت آگیا ہے کہ تمام جمہوری سیاسی قوتیں اس کے خلاف مشترکہ طور پر میدان میں نکلیں۔

ڈاکٹر ارباب رحیم نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے صوبے میں اور سندھ اسمبلی میں آمرانہ نظام قائم کردیا ہے اسپیکر ایوان میں مسلسل اپوزیشن کی آواز دبانے کی کوشش کررہے ہیں اور وہاں ہمیں بولنے کا موقع نہیں دیا جاتا۔صفدرعباسی نے کہا کہ کرپٹ لوگ بیرون ملک بیٹھ کرسندھ میں سیاست کررہے ہیں اب انہیں سندھ میں من مانی نہیں کرنے دی جائے گی۔ اپوزیشن رہنماؤں کا یہ اجلاس مرتضیٰ جتوئی کی ساحل سمندر کے قریب ان کی نئی رہائش گا ہ پر منعقد ہوا اپوزشن کے رہنماؤں کا اجلاس تقریباً تین گھنٹے جاری رہا اور میزبان نے شرکا کے بیٹھنے کا انتظام اپنے سوئمنگ پول کے قریب کیا تھا ۔سندھ کی سیاست پر گرما گرم بحث کرنے والے سیاستداں سردی میں یخ بستہ سرد ہواؤں میں ٹھٹرتے رہے۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں