ملکی کرنٹ اکاؤنٹ خسارے میں 59فیصد نمایاں کمی ریکارڈ

تجاتی خسارے میں کمی کے باوجود برآمدات بھی گھٹ گئی

پیر 21 دسمبر 2015 16:46

ملکی کرنٹ اکاؤنٹ خسارے میں 59فیصد نمایاں کمی ریکارڈ

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔21دسمبر۔2015ء) مالی سال2015-16ء کے ابتدائی 5ماہ کے دوران ملکی کرنٹ اکاؤنٹ خسارے میں 59فیصد نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی ہے تاہم تجاتی خسارے میں کمی کے باوجود برآمدات بھی گھٹ گئی ہے ۔زیر تبصرہ مدت میں کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ1.005بلین ڈالر رہا ہے جبکہ گذشتہ برس اسی مدت کے دوران کرنٹ اکائنٹ خسارہ2.45بلین ڈالر کی سطح پر موجود تھا ۔

کرنٹ اکاؤنٹ خسارے میں کمی کی وجہ سالانہ بنیادوں پر اشیاء کی درآمدات میں12فیصد کمی بتائی گئی ہے تاہم برآمدات کے اعدا وشمار بھی حوصلہ افزا نہیں ہیں ۔درآمدی بل میں کمی کی وجہ سے اشیاء پرتجارتی خسارہ سالانہ بنیادوں پر14فیصد کم ہوا ہے جبکہ اس کا منفی اثر اشیاء کی برآمدات میں کمی کی صورت میں ظاہر ہوا ہے ۔

(جاری ہے)

آمدنی کا خسارہ اس وقت2.040بلین ڈالر کی سطح پر موجود ہے جبکہ گذشتہ برس اسی عرصے میں آمدنی خسارہ 1.93بلین ڈالر ریکارڈ ہوا تھا ۔

رپورٹ کے مطابق مالی سال2015-16کے ابتدائی5ماہ کے دوران ترسیلات زر 8.1بلین ڈالر رکھنے میں مدد ملی ہے تاہم گذشتہ سال ترسیلات زر7.5بلین ڈالرکی سطح تک محدود دیکھی گئی تھی ۔ماہانہ بنیادوں پرکرنٹ اکاؤ نٹ خسارے میں51فیصد کمی واقع ہوئی ہے اور ماہ نومبر2015ء میں کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ216ملین ڈالر رہا جبکہ اکتوبر2015ء میں کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ437ملین ڈالر رہا تھا ۔

دوسری جانب تجارتی خسارہ میں کمی کے باوجود برآمدات کم ہو گئی ہے رواں مالی سال2015-16کے ابتدائی5ماہ میں گڈز اینڈ سروسز پر18فیصد کمی سے تجارتی خسارہ8.168بلین ڈالر رہی سامان تجارت کے توازن میں سال بسال14فیصد کمی اور سروسز میں سال بسال45فیصد کمی دیکھنے میں آئی ۔رپورٹ کے مطابق مالی سال2016ء کے پہلے5ماہ میں ملکی برآمدات7.8بلین ڈالر کی سطح پر موجود ہے اس کے مقابلے گذشتہ برس ملکی برآمدات زیر تبصرہ مدت میں9.9بلین ڈالر ریکارڈ کی گئی تھی ۔

ماہرین کے مطابق عالمی سطح پر تیل اور دیگر کموڈیٹیز کی قیمت میں کمی کی وجہ سے ملکی درآمدات میں سالانہ بنیادوں پر12فیصد کمی واقع ہوئی جو تجارتی خسارے کو کم کرنے کا سبب بنا ہے ۔ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر عالمی سطح پر تیل اور دیگر کموڈیٹیز کی قیمتوں میں کمی کا تسلسل جاری رہا تو حکومت کرنٹ اکاؤنٹ خسارے میں کمی کے اہداف کو پورا کرنے میں کامیاب ہو جائے گی لیکن گرتی برآمدات کو بھی سہار انہ دینے کے منفی اثرات بھی ظاہر ہونا شروع ہو جائیں گے ۔

متعلقہ عنوان :

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں