مسلم لیگ (ن)ملک سے دہشت گردی اورکرپشن ختم کرنے میں سنجیدہ ہے،ماضی میں دہشت گردی اور معاشی دہشت گردی کی وجہ سے ملک اورعوام نے بہت نقصان اٹھایا ، اب وقت آگیا ہے کہ ملک کوان لعنتوں سے نجات دلاکر ترقی کی راہ پر گامزن کیا جائے، پاکستان مسلم لیگ (ن) کے نائب صدر علی اکبرگجر

بدھ 23 دسمبر 2015 19:43

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔23 دسمبر۔2015ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے نائب صدر علی اکبرگجر نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن)ملک سے دہشت گردی اورکرپشن ختم کرنے میں سنجیدہ ہے۔ماضی میں دہشت گردی اور معاشی دہشت گردی کی وجہ سے ملک اورعوام نے بہت نقصان اٹھایا ہے لیکن اب وقت آگیا ہے کہ ملک کوان لعنتوں سے نجات دلاکر ترقی کی راہ پر گامزن کیا جائے۔

اس حوالے سے ہمیں فخر حاصل ہے کہ ہماری جماعت اور ہمارے قائدنے ملک میں بالعموم اور کراچی میں بالخصوص امن قائم کر کے ملک میں ترقی کا عمل جاری کردیاہے۔انہوں نے کہا کہ وہ قومیں ترقی کے سفر میں پیچھے رہ جاتی ہیں جوعصبیت اور فرقہ واریت اورکرپشن میں گھرجاتی ہیں۔ بدقسمتی سے پاکستان کا شمار بھی ایسے ہی ملکوں میں ہوتا ہے جہاں دہشت گردی اور معاشی دہشت گردی نے معاشرے کی رگوں میں زہرگھول دیا ہے۔

(جاری ہے)

انتہاپسندی اورکرپشن نے ہمارے سماج کی جڑیں کھوکھلی کر دی ہیں لیکن جب سے مسلم لیگ(ن) برسراقتدار آئی ہے دہشت گردی اور معاشی دہشت گردی کیخلاف جہادکررہی ہے۔اورجب تک ملک میں مکمل امن قائم نہیں ہوگا حکومت اپنی جدوجہدجاری رکھے گی۔علی اکبرگجر نے کہا کہ کراچی ملک کا معاشی حب اورلاکھوں کروڑوں غریبوں کی پناہ گاہ ہے لیکن ملک دشمنوں نے اس کا امن تہہ وبالا کرکے اس کا چہرہ داغ داغ کردیاتھا۔

قائدجمہوریت میاں محمدنوازشریف کو کریڈٹ جاتا ہے کہ انہوں نے تمام مصلحتوں اور سیاسی پسندناپسند سے بالاتر ہوکرکراچی میں امن قائم کرنے کی بنیاد رکھی اور الحمدللہ اب یہاں بڑی حدتکا امن قائم ہوگیا ہے اور کاروبار زندگی چل پڑا ہے۔ اس لئے سندھ حکومت بھی وفاق سے الجھنے اور ماحول کشیدہ کرنے کی بجائے دہشت گردی اور معاشی دہشت گردی ختم کرنے میں وفاقی حکومت اورقانون نافذکرنے والے اداروں سے تعاون کرے۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں